ہمیں رشوت سے نمٹنے کیلئے مربوط اور اجتماعی نقطہ نظر کی ضرورت: ایل جی
سری نگر/30؍اکتوبر//کشمیر انفو//ویجی لنس بیداری ہفتہ کے موقعہ پر سول سیکرٹریٹ میں اَفسروں ، ایس ایس ایف کے اہلکاروں اور راج بھون کے عملے اور اِنتظامی سیکرٹریوں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں ( بذریعہ ورچیول موڈ) کو’’ دیانتداری کا عہد‘‘دِلایا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سا لمیت کا عہد پڑھ کر سنایا اور اَفسروں اور عملے حلف دِلایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیںرشوت سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط اور اِجتماعی نقطہ نظر کی ضرورت ہے جو ترقی کی راہ میں رُکاوٹ ہے اور معاشرے کے اخلاقی تانے بانے کو کمزور کرتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ رشوت کے کینسر کے خاتمے کے لئے تمام شراکت داروں کو اہم کردار اَدا کرنا ہوگا اور رشوت سے پاک جموںوکشمیر ہمارا ویژن اور مشن ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام اِداروں میں عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور اِس طرح جموںوکشمیر میں بہتر حکمرانی کی راہ ہموار کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوںنے کہا کہ اِس موقعہ پر ہمیں بہتر مستقبل کے لئے عوامی زندگی میں کارکردگی، جوابدہی اور قابلیت کو فروغ دینے کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اَپنے عزم کی تجدید کرنی چاہئے ۔حکومت جموں و کشمیر یوٹی 30 ؍اکتوبر سے 5 ؍نومبر تک ’’ ویجی لنس بیداری ہفتہ‘‘ منا رہی ہے۔ اس برس ’’ ویجی لنس بیداری ہفتہ ‘‘ کا موضوع ’’رشوت خوری سے احتراز کرو ۔قوم کی خدمت کرو‘‘ہے۔