سرینگر:صدر ہند رام ناتھ کوندکا طے شدہ لداخ دورہ موسم کی خرابی کے پیش نظر منسوخ ہونے کے بعد انہوںنے گلمر گ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ہمراہ ہائی الٹیچود وار فیئر اسکول میں کرگل جنگ کے دوران ہلاک ہوئے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ سی این ایس کے مطابق صدر جمہوریہ کو کرگل وجے دیوس کی 22ویں سالگرہ کے موقع پر جنگی یاد گار واقع دراس (لداخ) میںکرگل جنگ کے دوران جان دینے والے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ذرائع نے مزید کہا کہ وادی کشمیر اور لداخ خطے میں موسم کی خرابی کے باعث صدر کووند کا لداخ دورہ منسوخ کیا گیا ہے جس کے بعد وہ گلمر گ روانہ ہوگئے ہیں ۔ انتظامیہ کے ایک سینیئر آفیسر نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے صدر کا طیارہ سرینگر کے ہوائی اڈے سے پرواز نہیں کر سکا۔ محکمے موسمیات کے اطلاع کے مطابق زوجلا پاس پر موسم زیادہ خراب ہے اور ہوائی سفر ممکن نہیں ہے۔ اس وجہ سے اْن کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔اْن کا مزید کہنا ہے کہ اب صدر جمہوریہ گلمرگ کے دورے پر گئے ہیں۔ وہ وہاں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ہمراہ ہائی الٹیچود وار فیئر اسکول میں کارگل جنگ کے دوران ہلاک ہوئے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا .صدر جمہوریہ گزشتہ روز اپنے چار روزہ دورہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لئے سری نگر پہنچے۔ صدر جمہوریہ 27 جولائی کو سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کے 19 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گے۔ صدر جمہوریہ امکانی طور پر نئی دہلی روانگی سے قبل وادی میں شری امرناتھ جی گھپا یا جموں کے کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دیں گے۔