جموں؍ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہاکہ راجوری میں پرا سرار اموات بیماری یا وائرس کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ ، پولیس اور مرکزی ٹیم اب وجوہات کا پتہ لگانے میں جڑ گئی ہے اور بہت جلد سب کچھ سامنے آئے گا۔ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے بڈھال راجوری میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ راجوری میں جب پر اسرار اموات کا سلسلہ شروع ہوا تو جموں وکشمیر کی سرکار نے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سب سے پہلے یہ طے کرنا تھا کہ علاقے میں کوئی بیماری یا وائرس تو نہیں پھیلا ہے تاہم ایسا کچھ سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ بڈھال گاوں کے رہائش پذیر لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد ماہرین اور ڈاکٹر اس نتیجے پر پہنچے کہ علاقے میں بیماری یا وائرس سے اموات نہیں ہوئی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 17افراد جن میں زیادہ تر بچے اور بچیاں شامل ہیں جاں بحق ہوئے اور صرف تین خاندان کے لوگ ہی پراسرار طورپر اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے واضح کہاکہ ابھی تک بھی ڈاکٹر یا ماہرین اموات کی وجوہات کا پتہ نہیں لگا سکے تاہم تین ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور بہت جلد سب کچھ سامنے آجائے گا۔عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ بڈھال گاوں کے لوگوں سے بات کی اور انہیں یقین دلایاکہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اموات کا سلسلہ تھم جائے ایک اور جان ضائع نہ ہو اس کے لئے ضلعی ترقیاتی کمشنر اور دوسرے متعلقین کو واضح ہدایت دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اموات کیسے ہوئی لیکن فی الحال اس معاملے پر ڈاکٹر، ماہرین اور پولیس نے بھی تحقیقات شروع کی ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا :’پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش شروع کی ہے وہ بھی اپنا کام وقت مقررہ کے اندر اندر مکمل کریں گے۔ ‘ان کے مطابق مرکزی ٹیم بھی بڈھال گاوں میں خیمہ زن ہے ، سبھی لوگوں کے سیمپل لئے گئے تاکہ یہ دیکھا جائے کہ 17لوگ کیسے جاں بحق ہوئے۔عمر عبداللہ نے مزید بتایا کہ لوگوں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ پولیس کے ساتھ مل کر اس سوال کا جواب کھوجنے کی بھر پور کوشش کرئے گی کہ آخر اموات کیسے ہوئیں۔انہوں نے کہاکہ بڈھال راجوری واقعے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ، کیونکہ مرکزی ٹیم ہو یا پولیس تحقیقات بڑے پیمانے پر جاری ہے اور بہت جلد اس سوال کا جواب سامنے آئے گا کہ 17افراد کیسے جاں بحق ہوئے۔