نئی دہلی؍ سینٹرل وجیلنس کمیشن (سی وی سی) نے اس بنگلے کی تزئین و آرائش میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جس میں دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کجریوال رہتے تھے۔
سی وی سی نے اس رہائش گاہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جہاں مسٹر کیجریوال وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے قیام پذیر تھے۔ یہ حکم سنٹرل پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (سی پی ڈبلیو ڈی) کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ سی پی ڈبلیو ڈی کی اس رپورٹ میں دہلی کے سول لائنز میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ 6، فلیگ ا سٹاف روڈ کی تزئین و آرائش میں بے قاعدگیوں کا الزام لگایا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ پوری انتخابی مہم کے دوران بی جے پی نے اس بنگلے کو’شیش محل‘ کا نام دے کر عام آدمی پارٹی اور مسٹر کجریوال پر حملہ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی لیڈر وجندر گپتا نے اس معاملے میں شکایت درج کرائی تھی اور الزام لگایا تھا کہ دہلی حکومت کے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے تقریباً آٹھ ایکڑ پر بنے بنگلے کو دوبارہ تعمیر کرتے ہوئے ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی تعمیر میں بہت سی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔