جموں ؍ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات کا کہنا ہے کہ کٹھوعہ کے جنگلی علاقے میں جاری تصادم کے دوران چار پولیس اہلکار دو ملی ٹینٹ بھی مارے گئے ہیں۔ایک نیشنل خبررساں ادارے کے مطابق پولیس چیف کے مطابق، علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے، اور ہفتے کی دوپہر تک صورت حال مکمل طور پر واضح ہو جائے گی۔جمعے کی شام دیر گئے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران، پولیس سربراہ نالین پربھات نے بتایا کہ 23 مارچ کو کٹھوعہ کے سنیال گاؤں میں ایک خاتون نے پاکستانی ملی ٹینٹوں کو دیکھا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔پانچ پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب سے چار میگزین، تین آئی ای ڈیز، دو گرینیڈ اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کیا۔ان کے مطابق پولیس، فوج، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف نے سنیال گاؤں میں چار روز تک آپریشن جاری رکھا۔