سرینگر؍5؍اپریل //نیشنل کانفرنس حکومت کی ہائی کورٹ میں ریزرویشن پالیسی کا دفاع کرنے پر تنقید کرتے ہوئے پی ڈی پی سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کچھ بھی نہیں ہے، بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کا ایک چہرہ ہے۔ایک مقامی خبررساں ادارے کے مطابق ایکس پر ایک پوسٹ میں وحید الرحمان پرہ نے لکھا ” جموں کشمیر میں ریزرویشن پالیسی پر تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کچھ بھی نہیں ہے بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کا ایک چہرہ ہے“ ۔انہوں نے مزید لکھا ” جموں کشمیر حکومت اب عدالت میں ریزرویشن کی گہری ناقص پالیسی کا دفاع کرتی ہے۔ نام نہاد کابینہ کمیٹی عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ایک ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں تھی“ ۔ پرہ نے مزید کہا ” اب وہ جموں و کشمیر میں ہونہار طلباءکے مستقبل کو سبوتاژ کرنے کی ایک اور صریح کوشش کے طور پر رٹ پٹیشن کو بے بنیاد قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ “










