سری نگر؍۸؍اپریل؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کی شام راج بھون سری نگر میں متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ آج راج بھون میں سیکورٹی صورتحال اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے اطلاعات کے مطابق، وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں آج صبح گیارہ بجے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں سیکورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام وزیر داخلہ نے راج بھون میں کئی عوامی وفود سے ملاقات کی۔باوثوق ذرائع کے مطابق، سری نگر میں منعقدہ سیکورٹی جائزہ اجلاس میں مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو تپن ڈیکا، وزارت داخلہ کے سینئر افسران، جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ، نیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امت شاہ کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس کے دوران سرگرم دہشت گردوں کے خلاف نئی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔واضح ر ہے کہ پیر کی شام وزیر داخلہ کے سری نگر پہنچنے کے فوراً بعد وہ ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کے گھر گئے، جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور ریٹائرڈ آئی جی پی غلام حسن بٹ کے ساتھ تقریباً بیس منٹ طویل گفتگو کی۔ امت شاہ نے شہید ہمایوں بٹ کی اہلیہ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔ہمایوں بٹ 13 ستمبر 2023 کو ضلع اننت ناگ کی تحصیل کوکرناگ کے جنگلات میں دہشت گردوں کے ایک گروہ سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے باعث انہیں بعد از شہادت ’کیرتی چکر‘ سے نوازا گیا۔