سری نگر؍8؍اپریل؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کی سیکورٹیصورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی گئی۔اطلاعات کے مطابق، وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو سری نگر میں یونائیفائیڈ کمانڈ کونسل میٹنگ کی صدارت کی، جس میں پولیس، فوج، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان اور سول انتظامیہ سے وابستہ افسران نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق، میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف جاری آپریشنز کے بارے میں بریف کیا گیا۔ایک قومی خبررساں ادارے کے مطابق باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کو پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے جموں و کشمیر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حالات پوری طرح قابو میں ہیں اور کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یونائیفائیڈ کمانڈ کونسل میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ نالین پربھات اور فوج کی شمالی کمان کے سربراہ نے جموں کے جنگلاتی علاقوں میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کیں۔وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ جموں کے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔میٹنگ کے دوران انسداد دراندازی گرڈ کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے اور سرگرم دہشت گردوں کے خلاف نئی حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔ذرائع کے مطابق، میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیاہے۔
دریں اثنا، میٹنگ کے بعد امت شاہ نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا:”مودی حکومت ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی تعمیر کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔”انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی انتھک کوششوں اور فلاحی اقدامات کے نتیجے میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ جموں و کشمیر ہر شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اس سے قبل، وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بروقت نفاذ، حائل رکاوٹوں کے خاتمے، اور عوامی خدمات کی موثر ترسیل پر زور دیا۔اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے بہتر طرزِ حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کے ثمرات بنیادی سطح تک پہنچنے چاہئیں۔اجلاس میں امت شاہ کو جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔