جموں؍وزیر اعظم نریندر مودی 19 اپریل کو کٹرا میں ایک میگا عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔ یہ جلسہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا جس کے لیے پہلے ہی سخت حفاظتی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔دورے کے دوران، وزیر اعظم کٹرا سے سری نگر کے لیے پہلی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ اسی روز وہ ریاسی میں دنیا کے سب سے اونچے کیبل اسٹیڈ ریلوے پل کا افتتاح بھی کریں گے ، جو خطے میں ریل رابطے کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک تاریخی انفراسٹرکچر منصوبہ ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جموں و کشمیر بھر میں اپنے کارکنان کو متحرک کر دیا ہے تاکہ وزیر اعظم کے دورے کو بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ کامیاب بنایا جا سکے ۔وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر، ریلوے حکام نے اپنے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور انہیں بلا تعطل ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ آپریشنز اور لاجسٹکس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم کی جموں آمد کے تناظر میں صوبے بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ریاسی ضلع کو مکمل طور پر فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور وہاں اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق، ریاسی کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور کسی بھی گاڑی کو مکمل تلاشی کے بغیر داخلے یا اخراج کی اجازت نہیں دی جا رہی۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں دو وندے بھارت ٹرینیں چلائی جائیں گی- ایک کٹرا سے سری نگر اور دوسری سری نگر سے جموں- جو بالآخر ملک کے دیگر حصوں سے جڑیں گی۔ دونوں ٹرینوں کا سنگلدان میں ایک طے شدہ اسٹاپ ہوگا، جہاں ریلوے عملے کی تبدیلی کی جائے گی .۔