سرینگر /23اپریل ؍ملک دہشت گردی کے سامنے نہیں جھکے گا کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ پولیس کنٹرول روم سرینگر میں پہلگام دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے سیاحوں کی لاشوں کو آج صبح پولیس کنٹرول روم سرینگر لایا گیا۔اس کے فوراً بعد امیت شاہ ،منوج سنہا اور عمر عبد اللہ کے ساتھ پی سی آر پہنچے اور سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں امیت شاہ نے لکھا ’’بھارت دہشت گردی کے آگے نہیں جھکے گا۔ اس وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کے مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے لکھا ’’ بھاری دل کے ساتھ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کو آخری خراج عقیدت پیش کیا۔ بھارت دہشت گردی کے آگے نہیں جھکے گا۔ اس بزدلانہ دہشت گردی کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ اسی دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بدھ کو اننت ناگ کا دورہ کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بدھ کی صبح امیت شاہ نے پہلگام حملے میں مارے گئے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے فوراً بعد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور جی ایم سی اننت ناگ میں زخمی سیاحوں سے ملنے کے لئے پہلگام کا دورہ کیا۔امیت شاہ نے میڈیکل کالج اننت ناگ میں زخمیوں سے ملاقات کی جبکہ اس کے بعد انہوں نے بائسرن علاقے کا بھی دورہ کیا اور وہاں انہوں نے اس جگہ کا بھی معائنہ کیا جہاں ملی ٹنٹوں نے سیاحوں کے گروپ کو نشانہ بنا یا ۔










