سری نگر،23اپریل؍ پہلگام کے بیسرن علاقے میں ہوئے ہولناک دہشت گرد حملے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اس حملے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی۔وزیر داخلہ کی آمد کے پیش نظر اسپتال اور اس کے اطراف میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ۔ مرکزی نیم فوجی دستوں، مقامی پولیس اور اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں کوالرٹ پر رکھا گیا تھا۔امت شاہ نے اسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔وزیر داخلہ نے اسپتال میں تعینات ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے متاثرین کو دی جا رہی طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور ہدایت دی کہ علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سکریٹری، وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران، اور دیگر سول و ملٹری حکام بھی موجود تھے ۔واضح رہے کہ منگل کو پیش آئے دہشت گرد حملے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ، جن میں بیشتر سیاح شامل تھے ۔










