سرینگر؍ نگران نیوز؍
پی ڈی پی کے سینئر لیڈر کی ہدایت پر جنوبی کشمیر کے پلوامہ قصبے میں پی ڈی پی کارکنوں نے کینڈل لائٹ مارچ کا انعقاد کیا جس کے دوران معصوم سیاحوں کے قتل عام کی مذمت کی گئی اور قصورواروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیاگیا۔ روزنامہ نگران کے نامہ نگار کے مطابق کینڈل لائٹ مارچ کا اہتمام پی ڈی پی کے سرکردہ لیڈر اور ممبر اسمبلی پلوامہ وحیدالرحمان پرہ کی ہدایت پرکیاگیا ۔ اس دوران پارٹی کے درجنوں کارکنوں نے قصبہ پلوامہ کے مرکزی چوک سے کلاک ٹاور تک ایک کینڈل لائٹ مارچ نکالا۔ ریلی میںشامل کارکنوں نے اپنے ہاتھو ں میں موم بتیوں کے علاوہ پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پہلگام حملے کے خلاف مذمتی نعرے درج تھے۔ ریلی میں شامل لوگوں نے ـ’ـ’معصوموںکاقتل عام ، بند کرو، بند کرو‘‘ ـ’ـ’مہمانوںکاقتل عام ، بند کرو، بند کرو‘‘دہشت گردی نہیں چلے گی ، نہیں چلے گی نہیں چلے گیـ’’ہندومسلم سکھ عیسائی ،آپس میں ہیں بھائی بھائی‘‘ہم ہندوستانی ہیں ، ہندوستان ہمارا ہے‘‘کے نعرے لگائے۔اس موقعہ پر احتجاجی ریلی میں شامل کارکنوں نے بتایا کہ پہلگام میں جو سانحہ پیش آیا وہ انتہائی افسوس ناک اور دل دہلانے والا ہے جس سے انہیں سخت دکھ ہواہے ۔ انہو ں نے اس واردات کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ قتل عام میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں کی کشمیریت اور کشمیری قوم قطعی اجازت نہیں دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ تمام غمز دہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ جس کسی نے یہ حرکت انجام دی ہے اس نے نہ صرف کشمیر یوں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ کیا ہے اور اس حملے کے ذمہ داروں کو کسی بھی صورت میںبخشا نہ جائے۔










