نگران نیوز
سرینگر // پولیس نے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے مبینہ طور پر حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعے خریدی گئی جائیدادوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے13.43 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے رہائشی مکانات اور ایک گاڑی کو منجمد یا منسلک کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں (این ڈی پی ایس) ایکٹ1985 کے تحت منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والے غیر قانونی اثاثوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرپولیس نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ منشیات فروشوں کیخلاف یہ کارروائیاں سرینگر کے مختلف پولیس سب ڈویژنوں میں واقع 6 پولیس تھانوں، خانیار، پانتھہ چوک، شالہ ٹینگ، صفاکدل، صورہ اور احمد نگر نے انجام دی گئیں۔پولیس کے مطابق ان جائیدادوں کی نشاندہی منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں سے مبینہ طور پر حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق مالی تحقیقات کے دوران کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 68-E اور 68-F کے تحت شروع کی گئی، جن کا تعلق غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی جائیدادوں کی شناخت اور قانونی طریقہ کار کے مطابق ضبطی سے ہے۔بیان کے مطابق خانیار پولیس تھانے کے تحت تقریبا 8کروڑ روپے مالیت کے اثاثے منسلک کیے گئے، جن میں4 رہائشی جائیدادیں اور ایک واکس ویگن پولو گاڑی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق ان جائیدادوں کا تعلق 2016 اور 2022 میں درج مقدمات سے ہے، جبکہ گاڑی کا تعلق 2025 میں درج ایک مقدمے سے بتایا گیا ہے۔کھنموہ علاقے میں پانتھہ چوک پولیس تھانے نے ثاقب بشیر بٹ عرف سکپال کی ملکیت ایک رہائشی مکان منسلک کیا، جس کی مالیت 1.24 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے اس شخص کو 2024 سے 2026 کے درمیان پامپور، بانہال اور کھریو پولیس تھانوں میں درج این ڈی پی ایس کے مقدمات سے منسلک بتایا ہے۔شالہ ٹینگ پولیس تھانے نے پانزنارا علاقے میں ایک2منزلہ رہائشی مکان، جس کیساتھ ایک کنال زمین بھی شامل ہے، کو منجمد کر دیا۔ اس جائیداد کی مالیت 1.21 کروڑ روپے بتائی گئی ہے اور اس کا تعلق 2023 میں درج این ڈی پی ایس کے ایک مقدمے سے ہے۔صفاکدل علاقے میں پولیس نے ایک3 منزلہ رہائشی مکان، جس میں ایک بالا خانہ بھی شامل ہے، کو منسلک کیا۔ اس جائیداد کی مالیت 10.15 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ کارروائی 2026 میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں کی گئی، جس میں این ڈی پی ایس ایکٹ، آرمز ایکٹ اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات شامل ہیں۔صورہ پولیس تھانے نے لال بازار کی عمر کالونی بی میں واقع ایک رہائشی جائیداد کو منجمد یا منسلک کرنے کی کارروائی شروع کی۔ زمین کی قیمت کو چھوڑ کر اس جائیداد کی مالیت 1.18 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کا تعلق 2025 میں درج این ڈی پی ایس کے ایک مقدمے سے ہے۔احمد نگر کے شاہ محلہ میں 2 الگ الگ جائیدادوں کو بھی کارروائی میں شامل کیا گیا۔ ان میں سے ایک کی مالیت تقریبا 1 کروڑ روپے جبکہ دوسری کی مالیت 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ان جائیدادوں کا تعلق احمد نگر پولیس تھانے میں درج مقدمات سے ہے۔










