لیہہ: (یو این آئی) کرگل ڈیموکریٹک الائنس اور ایپکس باڈی لیہہ کے نمائندوں نے ہفتے کو یہاں مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے سے ملاقات کر کے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور زمین و نوکریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس دوران کرگل ڈیموکریٹک الائنس اور ایپکس باڈی لیہہ کی اپیل پر ہفتے کو لداخ کے دونوں اضلاع میں مکمل ہڑتال رہی جس کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں نیز پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب رہا۔مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی اور طلبہ تنظیموں پر مشتمل کرگل ڈیموکریٹک الائنس اور ایپکس باڈی لیہہ نے ہڑتال کی کال وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے کی جانب سے انہیں میٹنگ کے لئے نہ بلائے جانے کے خلاف دی تھی۔اگرچہ کے ڈی اے اور ایپکس باڈی کو ہفتے کی صبح میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن باوجود اس کے دونوں اضلاع میں ہڑتال دن بھر جاری رہی۔تھپستن چیوانگ، جو ایپکس باڈی لیہہ اور لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیں، نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم نے وزیر مملکت برائے داخلہ سے میٹنگ کے دوران لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین ہند کے چھٹے شیڈول یا دفعہ 371 کے تحت آئینی تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دونوں تنظیمیں پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ لداخ کے لوگوں کو جموں و کشمیر میں نافذ ‘ڈومیسائل لا’ جیسے قوانین منظور نہیں ہیں۔نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر قمر علی آخون نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں تنظیموں کی وزیر مملکت برائے داخلہ کے ساتھ میٹنگ بہت ہی اچھے ماحول میں منعقد ہوئی۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے اپنی بات رکھی۔ وزیر موصوف نے سب کو سنا۔ ہم مکمل ریاستی درجے کی مانگ کو لے کر متحد ہو گئے ہیں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم نے آئینی تحفظات، کرگل اور لیہہ کے لئے الگ الگ اراکین پارلیمان اور بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے مطالبات سامنے رکھے ہیں۔ وزیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان سبھی مطالبات پر بات ہوگی’۔