پلوامہ// نگران نیوز ڈیسک// جنوبی کشمیر پلوامہ کے پانزو آری پل گائوں میں مواصلاتی خدمات کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں میں محکمہ کے تئیں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے جنہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سروس کو مستقل طور پر بحال کریں۔ روزنامہ نگران کیساتھ بات کرتے ہوئے پانزو آری پل گائوں کے لوگوں نے بتایا کہ علاقہ بھر میں کمزور مواصلاتی نظام کی وجہ سے طلبہ اور تجارت پیشہ افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ بھر میں مہینوں سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی کمزور رفتار سے عام لوگوں کو گونا گوں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ارشد احمد نامی مقامی نوجوان نے نگران کو بتایا کہ مواصلاتی کمپنیوں کی جانب سے چند برس قبل اگر چہ علاقہ اور مضافات میں چند موبائل ٹائورز قائم کئے گئے تاہم اس اقدام کا مقامی لوگوں کو کوئی بھی فائدہ حاصل نہ ہوا۔ ارشد کا کہنا تھا کہ محض چند موبائل ٹاور علاقہ بھر کی آبادی کیلئے کافی نہیں ہے لہٰذا مواصلاتی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ علاقہ کی جانب فوری توجہ دے کر لوگوں کے مسائل کا بھر وقت ازالہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے لوگوں کیلئے یہ معمول بن چکا ہے کہ جب بھی وہ اپنے عزیز و اقارب کی خیر وعافیت پوچھنے کی سعی کرتے ہیں تو کمزور نیٹ ورک کی وجہ سے وہ رشتہ داروں کیساتھ بات کو مکمل بھی نہیں کرسکتے ہیں۔ ارشد نے مزید بتایا کہ کمزور نیٹ ورک کی وجہ سے نہ صرف موبائل کالنگ بلکہ انٹرنیٹ سروس کی رفتار بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے طلبا برادری کیساتھ ساتھ تجارت پیشہ افراد کو اذیت ناک مراحل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ بھرمیں بہت سارے نوجوان طلبہ قومی ریاستی اور قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے کے خواہش مند ہے جس کیلئے آن لائن نصاب کی حصولیابی ناگزیر ہے تاہم ناقص انٹرنیٹ سپلائی کی وجہ سے ایسے طلبا کا مستقبل انتہائی مخدوش معلوم ہورہا ہے۔ ادھر مقامی آبادی نے حکام بالا سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ کی فراہمی انسان کے بنیادی حقوق میں شامل ہیں لہٰذا اس کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے فوری اقدامات اُٹھانے چاہیے۔