نئی دہلی:لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ایس کے آئی سی سی سرینگر میں منعقدہ نشہ مکت بھارت ابھیان ایوارڈز کی تقریب سے ورچول موڈ کے ذریعے خطاب کیا ۔ ایوارڈ کی تقریب کا مقصد منشیات کی بدعت کو ختم کرنے میں ضلعی انتظامیہ ، این جی اوز اور رضا کاروں کے تعاون کا اعتراف کرنا تھا ، جہاں سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے مختلف زمروں کے تحت نشہ مکت بھارت ابھیان ایوارڈز سے نوازا۔ اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار کا جموں و کشمیر کے 10 اضلاع میں منشیات کے استعمال کے خلاف عوامی تحریک میں تعاون اور حمایت کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ منشیات کا استعمال دنیا بھر میں سب سے سنگین سماجی مسائل میں سے ایک کے طور پر ابھرا ہے جو ہمارے سماجی تانے بانے کو توڑ رہا ہے اور بنی نوع انسان کیلئے خطرہ ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت اپنے ایکشن پلان ، اختراعی روکتھام اور بحالی کی حکمتِ عملیوں کے ساتھ ساتھ معاون انفراسٹرکچر بنانے اور جموں و کشمیر سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے مسلسل بیداری پھیلانے کے ذریعے سرشار کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 لاکھ نوجوانوں 2.7 لاکھ خواتین اور 500 سے زیادہ تعلیمی اداروں کی فعال شرکت نے جموں و کشمیر میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کیلئے حکومت کی کوششوں کو تقویت دی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو منشیات کی بدعت میں دھکیلنے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں کی جا رہی ہیں اور انہیں مرکزی دھارے سے دور رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آئیے ہم سب اپنے عزم کا اعادہ کریں اور منشیات کے استعمال کے خلاف ایک مضبوط موقف اختیار کریں تا کہ نارکو دہشت گردی کا مناسب جواب دیا جا سکے اور گمراہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس لایا جا سکے ۔ ‘‘ نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں آگے بڑھنے ، ترقی کے عمل میں حصہ لینے اور دوسروں کیلئے رول ماڈل بننے کا مشورہ دیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ’’ مجھے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیت پر پورا بھروسہ ہے ۔ ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کو ان کی ترقی کی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ جوڑنے اور ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کیلئے پرعزم ہیں جس میں نوجوان جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کا کلیدی محرک ہے ‘‘ ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے میں منشیات کی روکتھام کے لئے 2018ء میں قومی ایکشن پلان بنایا تاکہ منشیات کی بدعت سے نمٹاجائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کثیر الجہتی حکمت عملیوں کو لاگو کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔اُنہوں نے کہا ،’’اب وقت آگیا ہے کہ منشیات کی بدعت سے نمٹنے کے لئے مزید ہم آہنگی اور جامع کوششیں کی جائیں‘‘۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام پنچایتوں اور شہری بلدیاتی اداروں کے وارڈوں میں قائم کئے گئے یوتھ کلب اس سمت میں بہترطور پر کام کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس مہم سے گرام سبھا اور آنگن واڑی کارکنوں کو جوڑ کر راجوری، کشتواڑ، بڈگام اضلاع میں چلائے جانے والے بیداری پروگراموں پر خوشی کا اظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنران سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر کے دونوں صوبوں میں چلائے جارہے فرضی ڈی ۔ ایڈکشن سینٹروں کی نشاندہی کریں او رایسے سینٹروںکے خلاف قانون کے دائرے میں کارروائی کریں۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے جموںوکشمیر کے 10اَضلاع کی اِنتظامیہ کی اِس مہم کے تحت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور منشیات کی بدعت کی سماجی برائی سے بڑی حد تک نمٹنے کے لئے تعریف کی۔مرکزی وزیر نے معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے میں عوامی نمائندوں ، پی آر آئی ، مقامی آبادی اور این جی اوز کے اہم رول پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر مرکزی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی جموں اور سری نگر میں جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے ایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ان کے لئے اِمداد تقسیم کی جائیں گی۔اِس دوران جوائنٹ سیکرٹری سوشل جسٹس اور ایمپاور منٹ رادھیکا چکرورتی نے ملک بھر میں نشہ مکت بھارت ابھیان کا مختصر پش منظر پیش کیا گیا۔بہترین ضلع ترقیاتی کمشنروں کے زمرے کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ڈاکٹر پیوش سنگلا، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ایس راجیش شائون نے بالترتیب پہلا ، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔اِسی طرح این جی اوز کلچر ایجوکیشنل اینڈ انوائرمنٹل آرگنائزیشن کے زمرے میں بڈگام نے پہلا انعام حاصل کیا جبکہ علی سپورٹس اکیڈیمی بانڈی پورہ اور ہیومن ویلفیئر والنٹری آرگنائزیشن پلوامہ نے بالترتیب دوسرا اور تیسر ا مقام حاصل کیا۔اِسی طرح گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ نے بہترین کالج اور گرلز ہائیر سکینڈری سکول کولگام بہترین سکول کے زمرے میں پہلا انعام حاصل کیا ۔اس موقعہ پر نشا مکت بھارت ابھیان کے تحت جموں و کشمیر کی گزشتہ 15 ماہ کی کامیابیوں پر ایک کتابچہ بھی جاری کیا گیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، انتظامی سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شیتل نندا،ضلع ترقیاتی کمشنران ، ضلعی اَفسران ، آنگن واڑی ارکان او ردیگر اَفسران موجود تھے۔