جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج کلا کیندر میں برسا منڈا کی یوم پیدائش کے موقعہ پر پہلے جنجاتیہ گورو دیوس میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آزادی کی جدوجہد میں قبائلی برداری کی قربانیاں بے مثال اور انمول ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں جموںوکشمیر یوٹی ان لوگوں کو بااِختیار بنارہا ہے جن کے ساتھ صدیوں سے امتیاز برتا گیا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ فارسٹ رائٹس ایکٹ کی عمل آوری سے ہم خصوصی تعلیمی ، بنیادی ڈھانچہ اور لائیو لی ہڈ سکیموں سے درج فہرست قبائل کی سماجی واقتصادی ترقی کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ قبائلی برادری کو بااِختیار بنانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ وہ عزت اور وقار کی زندگی گزار سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کی معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ، دیہی اور شہری بنیادی ڈھانچے کی اِصلاح اور پسماندہ طبقوں سے خواتین اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہماری اوّلین ترجیح ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جنجاتیہ گورو دیوس کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے اِس موقعہ پر موجود تمام قبائلی صنعت کاروں اور فن ، ثقافت اور ادبی دنیا سے وابستہ شخصیات کو اَپنی نیک تمنائیں دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان نسل کو قبائلی آبادی کے بہادروں کی قربانیوں اور جدو جہد کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت پر زو ر دیتے ہوئے کہا کہ برسامنڈا کے ساتھ ساتھ رانی گیڈ ینلیو ، الوری سیتاراما راجو، کو مارم بھیم ، شنکرشاہ ، رگھو ناتھ شاہ ، کھجیا نائک ،سیتارام کنور، بھیما نائک اور بہت سے دوسرے لوگوں نے قبائلی برداری کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے پونچھ کی مالی بیگم کو بھی یاد کیا جنہوں نے 1971ء کی جنگ میں سرحدی ضلع کو دشمنوں کے ہاتھ میں جانے سے بچایا تھا اور 1965ء کی جنگ کے ہیرو محمد دین جاگیر کو جنہیں حکومت ہند نے پدم شری سے نوازا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے فارسٹ رائٹس ایکٹ 2006 کو نافذ کرنے کے اَپنے تاریخی فیصلے سے جموں وکشمیر میں قبائلی برادری کی ایک بڑی آبادی کو مساوی حقوق فراہم کئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے 28 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹھ مقامات پر میڈیکل کیمپ، اضافی خیموں، جانوروں کے شیڈ ، ٹرانزٹ رہائشی قیام، 8 کروڑ روپے کا قبائلی صحت منصوبہ،پیشگی تربیت کے لئے 500 نوجوانوں کا انتخاب جیسے پائلٹ، روبوٹکس، مینجمنٹ اور 1521 سیزنل سکول وغیرہ کے انتظامات کا ذکر کیا۔دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر نے ’’ جموں وکشمیر کی قبائلی برادریوں‘‘ پر ایک فوٹو ایگزبشن اور ’’ مختلف قبائلی فنون اور دستکاری ‘‘ نمائش کا افتتاح کیا ۔ اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنرکے مشیر فاروق خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر قبائلی برادری کی ترقیاتی سرگرمیوں اور قبائلی نوجوانوں کوبااِختیار بنانے کے منصوبوں کی ذاتی طورپر نگرانی کر رہے ہیں۔ڈاکٹر جاوید راہی نے بھی اپنے خیالات کا اِظہار کیا ہے۔اِس موقعہ پر انتظامی سیکرٹری قبائلی امور محکمہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا اور شکریہ کہ تحریک پیش کی۔تقریبات میں ضلع ترقیاتی کمشنر جموں انشل گرگ، ڈائریکٹر قبائلی امور مشیر احمد ، جموںوکشمیر کے مختلف قبائلی قائدین ، سرکردہ شخصیات اور قبائلی برادری کے اراکین اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد نے شرکت کی۔