زی ٹی ای نے دنیا میں پہلا انڈر اسکرین سیلفی کیمرے والا اسمارٹ فون ایکسون 20 متعارف کرایا تھا۔
ایکسون 20 میں یہ ٹیکنالوجی بہت زیادہ متاثرکن تو نہیں مگر اب بھی وہ دنیا کا واحد کمرشل فون ہے جس میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر چھپا ہوا ہے۔
اب یہ کمپنی زی ٹی ای ایکسون 30 کو متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے جس میں بھی سیلفی کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا اور اس بار ٹیکنالوجی کا معیار بھی بہتر ہوگا۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہوگا جس میں 20 جی بی ریم موجود ہوسکتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ایکسون 30 کا نیٹ ورک ایکسز سرٹیفکیٹ سامنے آیا ہے جس کے مطابق فون میں 55 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہوگی۔
تاہم زیادہ خاص بات کمپنی کی جانب سے 20 جی بی ریم سے لیس اسمارٹ فون کے بارے میں بتانا ہے جو ممکنہ طور پر ایکسون 30 ہوسکتا ہے۔
اب تک 16 سے 18 جی بی ریم والے فون تو سامنے آئے ہیں مگر 20 جی بی ریم والا کوئی فون پیش نہیں ہوا درحقیقت اکثر کمپیوٹرز میں بھی ریم اتنی طاقتور نہیں ہوتی۔
ایکسون 30 کب تک متعارف ہوگا ابھی کہنا مشکل ہے تاہم یہ کمپنی اس سے قبل اپریل میں ایکسون 30 سیریز کے 3 فونز پیش کرچکی ہے جن میں سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا۔
تاہم اب ایکسون 30 کا نیا ورژن متعارف کرانے پر کام ہورہا ہے جس میں سیکنڈ جنریشن انڈر ڈسپلے سیلفی کیمرے کو دیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کے انجنیئرز نے سابقہ ماڈل کے مسائل پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ایک لیک کے مطابق یہ فون جولائی میں کسی وقت پیش کیا جاسکتا ہے جس سے معلوم ہوسکے گا کہ انڈر ڈسپلے کیمرے کی ٹیکنالوجی کو کمپنی نے کس حد تک بہتر بنایا ہے۔