جموں: لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں یونیورسٹی میں جسمانی طور خاص کھلاڑیوں کواعزاز دینے کی خاطر سپیشل اولمپکس بھارت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام دیو یانگجن کے لئے نیشنل ہیلتھ فیسٹول میں شرکت کی۔یہ پروگرام عالمی یوم صحت کے موقعہ پر ہندوستان کے 75 شہروں میں آزادی کے 75 برس مکمل ہونے پر ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے سلسلے میں سپیشل اولمپکس بھارت، کھیلوں کی بین الاقوامی فیڈریشن سے تسلیم شدہ کھیلوں کی آرگنائزیشن کے ذریعے منعقد کیا جارہا ہے ۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے خصوصی کھلاڑیوں کی لگن اور جذبے کو سلام پیش کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں ایک نئی سپورٹس پالیسی سے ایک اچھی شروعات کی گئی ہے جس میں کھیل سہولیات اور جسمانی طورخاص اَفراد کی فلاح و بہبود پر توجہ دی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں نوجوان نسل کے لئے حقیقی رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جسمانی طور خاص کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں اَپنی شاندار کارکردگی سے اُمید روشن کی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ میں جموں و کشمیر میں کھیل فیڈریشنوں اور دیگر تمام کھیل اِداروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ دیویانگجن کے لئے کھیلوں کی ترقی کا ایک سٹریٹجک منصوبہ تیار کریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سکولوں اور پنچایتوں کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ کھیل بنیادی ڈھانچے کی سہولیات پیدا کریں تاکہ عوام میں بالخصوص بچوں اور نوجوانوں میں کھیلوں کی مضبوط ثقافت کو مقبول بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دیویانگجن کو باوقار اور نیک زندگی گزارنے کے ان کے جائز حقوق دیئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوٹ کیا کہ 2015 ء سے پہلے ہمارے ملک کے تمام قوانین کا مقصد کسی نہ کسی طرح جسمانی طور خاص افراد کو سماجی بہبود کے پروگراموں سے جوڑنا تھا۔ 2015 ء کے بعد ایک نیا سماجی شعور اُبھرا جس میں سماجی بہبود کے اِقدامات کے تحت صرف فوائد کے بجائے دیویانگجن کو ان کے جائز حقوق دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس دوران، قابل رسائی ہندوستان مہم ایک عوامی تحریک میں بدل گئی جس نے جسمانی طور خاص افراد کے لئے سرکاری اور نجی عمارتوں، ریلوے سٹیشنوں، ہوائی اڈوں، سکولوں اور کالجوں میں قابل رَسائی بنیادی ڈھانچہ پیدا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے تمام طبقوں کی ضروریات اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جانے والے بے مثال کام کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر یوٹی قومی اَقدار اور عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ مثبت پیش رفت کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر حکومت دیویانگجن پنشن کی صد فیصد سیچوریشن اور ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے ایک مشن موڈ پر کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سپیشل اولمپکس بھارت ، اس کی چیئرپرسن ڈاکٹر ملیکا نڈ ا اور اس سے وابستہ سبھی کی ستائش کی کہ وہ جسمانی طور خاص اَفراد کو اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے اِنتہائی ضروری پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔اُنہوں نے خصوصی ایتھلیٹ پرم جیت سنگھ کے لئے بھی نیک خواہشات کا اِظہار کیا جن کا تعلق ایک سرحدی گائوں سے ہے اور بہت سے مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود روس کے شہر کازان میں منعقد ہونے والے اگلے برس کے خصوصی عالمی سرمائی کھیلوں کے لئے اِنتخاب کو محفوظ بنانے میں کامیاب رہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر ِانتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جسمانی طور خاص اَفراد میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دے، ان کی صلاحیتوں کی نشاندہی کرے اور خصوصی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر پہنچائے۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھیل بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائے، عالمی معیار کی کوچنگ فراہم کی جائے اور جسمانی طور خاص کھلاڑیوں پر خصوصی زور دے کر کھیلوں کے ٹیلنٹ کی حوصلہ اَفزائی کی جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بغیر کسی امتیاز کے ایک جامع اور مساوی کھیلوں کا ماحولیاتی نظام تشکیل دیناہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ان آرگنائزیشنوں کو جموں وکشمیر یوٹی حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا جو خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گذشتہ ایک برس میں جموںوکشمیر اِنتظامیہ نے اِس بات کو یقینی بنایا کہ ہر پنچایت کو ھیل میدان اور کھیل کٹس فراہم کی جائیں ۔ایک خصوصی پرگرام کے تحت 7.5 لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کے مختلف شعبوں سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اِس برس تمام 20اَضلاع میں 221 کھیل میدان تعمیر کئے جائیں گے ۔ ا ِس کے علاوہ 157 سپورٹس کورٹس کی تعمیر اور اَپ گریڈیشن مکمل کی جائے گی۔اِس موقعہ پر صدر سپیشل اولمپکس بھارت جے اینڈ کے یوٹی ڈاکٹر اشونی نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے دانشورانہ معذوری ، خصوصی ضروریات کے حامل کھلاڑیوں کے لئے منعقد کئے جانے والے مختلف اقدمات اور سال بھر کے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔دیگر مقررین جنہوں نے کھیلوں کو فروغ دینے اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل لوگوں کو ترقی کے دیگر مواقع فراہم کرنے کے لئے اَپنی متعلقہ آرگنائزیشنوں کی کوششوں اور عزم پر بات کی ۔ ان میں جوائنٹ جنرل سیکرٹری سکشم ایوی پرگل ، چیئرمین اِنسٹی چیوٹ آف ڈینٹل سائنسز سہورا جموں ڈاکٹر آر کے سوری ، چیئرپرسن ایف آئی سی سی آئی لیڈیز آرگنائزیشن ( ایف ایل او) جموں ،کشمیر اور لداخ چپٹر محترمہ ریتو سنگھ ، رکن وقف بورڈ جموں وکشمیر شیک سہیل کاظمی اور سہیوگ اِنڈیا جموں سے وابستہ ہیں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر انشل گرگ ، پرنسپل اور ڈین جی ایم سی ڈاکٹر ششی سدھن شرما ، مختلف معززین کے علاوہ دیویانجن ، ان کے والدین ، نگران اور صحت اَفسران موجود تھے۔