لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا کا خراج تحسین، کہا نرسیں طبی نگہداشت نظام کا اہم حصہ
سرینگر:نرسوں کے عالمی دن کے سلسلے میں وادی کشمیر کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پر مریضوں کے تئیں نرسوں کے رول کو انسانیت میں اعلیٰ خدمت قراردیا گیا ۔ اس موقعے پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نرسوں کو ہمدردی و شفقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نرسیں ہمارے طبی نگہداشت نظام کے دل میں ہیں۔ادھر عالمی یوم نرسنگ کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سکمز صورہ میں منعقد ہوئی جہاں پر عالمی نرسنگ دن کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں نرسنگ سٹاف کی کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کی انسانیت کے تئیں خدمات کو تاریخی قراردیا گیا ۔ اس تقریب میں ڈائریکٹر سکمز ، ایڈیشنل ڈائریکٹر، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ سکمز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں ہسپتال سے وابستہ نرسنگ سٹاف اور دیگر معزز مہمانوں نے شریک ہوئے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق عالمی یوم نرسنگ کے سلسلے میں پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پر طبی شعبہ میں نرسوں کے رول کو سراہا گیا اور نرسوں کی خدمات کو انسانیت میں اعلیٰ قراردیا گیا ۔دریں اثناء جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نرسوں کو ہمدردی و شفقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نرسیں ہمارے طبی نگہداشت نظام کے دل میں ہیں۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر کیا۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘نرسیں ہمارے طبی نگہداشت نظام کے دل میں ہیں اور وہ ہمدردی، شفقت اور دیکھ بھال کی مظہر ہیں‘۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ‘نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر میں تمام نرسنگ عملے کا سماج کی بے لوث خدمت انجام دینے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔ ادھر صورہ سکمز میں بھی آج عالمی نرسنگ دن کے حوالے سے ایک تقریب کاانعقاد کیاگیا ۔ عالمی نرسنگ دن عمومی طور پر 12مئی کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس دن دنیا بھر کے ہسپتالوں میں کام کرنے والی نرسوں کے تئیں یکجہتی اور ان کے بے لوث کام کو سراہا جاتا ہے ۔ اس سلسلے میں صورہ سکمز میں آج ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہسپتال میں کام کرنے والی نرسوں ، طبی عملہ اور دیگر افراد نے شرکت کی ۔ اس تقریب کامقصد نرسوں کے تئیں ان کے کام کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔ اس عالی شان اور پُر وقات تقریب میں سکمز ڈائریکٹر پروفیسر پرویز کول ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزارشمیم نے بطور مہما ن خصوصی شریک تھے جبکہ محفل گورشرن کوربطور چیف آرگنائزر بطور موجود تھیں ۔ ان کے علاوہ انچارج نرسنگ ایڈمنسٹریشن خصوصی طور پر اس دن کے حوالے سے تقریب میں موجود تھیں ۔ سکمز کے آڈیٹوریم میںمنعقدہ اس تقریب میں مقررین نے اس دن کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن انسانیت کیلئے ایک اہم دن ہے کیوں کہ ہسپتالوں میں کام کرنے والی نرسیں بلا لحاظ مذہب، رنگ ونسل اور ذات پات کے مریضوں کی خدمت کرتی ہیں اور جو انسانی ہمدردی کا جذبہ ان میں ہے وہ پوری انسانیت کیلئے قابل فخر ہے ۔ اس موقعے پر سکمز ڈائریکٹرپروفیسر پرویز کول نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی دور میں نرسنگ سٹاف نے ایک بار پھر انسانیت کے تئیں اپنے جذبے کی مثال قائم کی ہے اور جب لوگ کووڈ وائرس سے اتنے زیادہ خائف ہوئے کہ ہسپتالوں میں اپنوں نے اپنے عزیزوں کو چھوڑ دیا لیکن ہسپتال میں کام کرنے والی نرسوں نے انہیں شفقت اور ہمدردی ظاہر کی اور ان کی خدمت کی انہیں وقت پر ادویات براہم کی اور اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر کووڈ مریضوں کی دیکھ بھال کرتے رہے ۔ انہوںنے نرسنگ سٹاف کی اس بے لوث قدمت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقعے پر انچارج نرسنگ ایڈمنسٹریشن حسینہ صوفی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ فخر محسوس کررہی ہیں کہ انہوں نے بطور ایک نرس کے اپنی خدمات انجام دیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم مریضوں کی خدمت بغیر کسی لالچ کے اسے اپنا فرض اور عبادت سمجھ کر تی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس وبائی دور میں متعدد نرسوں نے اپنی جان گنوادی تاہم ہمارا حوصلہ کم نہیں ہوا بلکہ ہمارے حوصلے اور زیادہ بلند ہوئے کیوں کہ اگر ہم ہمت ہارتے تو کووڈ مریضوں کے آگے کوئی نہیں جاتا ۔ واضح رہے کہ یہ دن برطانیہ کی نرس فلورنس نائٹ اینجل کی یاد میں ہر برس منایا جاتا ہے ۔ فلورنس 12مئی 1820کو پیدا ہوئیں اور 10اگست 1910میں فوت ہوئیں ۔ فلورنس نائٹ اینجل نے عالمی جنگ عظیم دوم کے وقت زخمی فوجیوں کی دن رات دیکھ بھال کی اور ان کے جذبہ کی پوری دنیا میں مثالیں دی جاتی ہے اور آج تک ان سے منسوب یہ دن منایا جاتا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے ۔