سری نگر:سیکورٹی فورسز نے اوڑی اور سانبہ میں حدمتارکہ اوربین الااقوامی سرحد پر دراندازی کی2مختلف کوششوں کوناکام بناتے ہوئے3عدم شناخت شدہ ملی ٹنٹوںکوگرفتار کرلیا جبکہ ایک مبینہ منشیات اسمگلر زخمی حالت میں واپس سرحدپار بھاگ گیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سرحدی تحصیل اوڑی کے کمل کوٹ علاقے میں جمعرات کو سیکورٹی فورسز نے سرحدپار سے کی گئی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے3ملی ٹنٹوں کوہلاک کردیا۔پولیس ودفاعی ذرائع نے بتایاکہ ملی ٹنٹوںکے ایک گروپ نے اوڑی سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی ۔انہوںنے کہاکہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں مدیاں نانک پوسٹ کے نزدیک سے ہونے والی اس دراندازی کوشش کو یہاں تعینات سیکورٹی فورسزکے جوانوںنے بروقت کارروائی عمل میں لاکر ناکام بنادیا۔ذرائع نے بتایاکہ سرحدپر لگی باڑ کوعبور کرنے کی کوشش کرنے والے ملی ٹنٹوںکی نقل وحرکت کوبھانپتے ہوئے ایل ائو سی کے اس علاقے میں تعینات فوجی جوانوں نے پہلے وارننگ کیلئے کچھ گولیاں چلائیں ۔جسکے بعدیہاں ایل ائوسی کے نزدیک گولیوںکاتبادلہ ہوا،جو کچھ وقت تک جاری رہا۔پولیس ودفاعی ذرائع نے بتایاکہ سیکورٹی فورسزکی بروقت جوابی کارروائی میں3ملی ٹنٹ مارے گئے ،جن کے بارے میں کشمیرزون پولیس نے ابتدائی اطلاعات کی بناء پرکہاکہ تینوں غیرملکی دہشت گرد تھے ۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک انسداددراندازی کارروائی کے دوران مارے گئے تینوں عدم شناخت شدہ ملی ٹنٹوں کی نعشیں اورکافی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود موقع سے برآمد کیا گیا ۔ذرائع کامزیدکہناتھاکہ اس پورے علاقے کومحاصرے میں لیکر سیکورٹی فورسزنے تلاشی کارروائی شروع کردی ہے ،کیونکہ دفاعی حکام کویہ اندیشہ ہے کہ دراندازی کی اس ناکام کوشش کے دوران کچھ مزید ملی ٹنٹ علاقے میں چھپے ہوسکتے ہیں ۔درایں اثناء سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف)کے جوانوںنے سانبہ ضلع میں بین الااقوامی سرحد کیساتھ واقع علاقے میں ایک کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سرحدپار سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ سانبہ ضلع میں جمعرات کوعلی الصبح بی ایس ایف اہلکاروںنے بین الااقومی سرحد کے نزدیک چلیاری سرحدی چوکی کے قریب ایک شخص کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی۔ذرائع نے بتایاکہ یہاں ایک شخص کومشکوک حالت میں ایک تھیلا اُٹھائے ہوئے دیکھاگیا۔مذکورہ شخص کورکنے کااشارہ کیاگیا لیکن اُس نے ہدایت کی تعمیل نہیں کی ،جسکے بعدفائرنگ کی گئی اورگولی لگنے کے بعدمذکورہ درانداززخمی حالت میں واپس سرحدپار بھاگ گیا۔دفاعی ذرائع کے مطابق جائے موقعہ کی تلاشی لی گئی تویہاں سے تقریباً 8 کلو گرام منشیات کے8پیکٹ برآمد کئے گئے، جن میں ممکنہ طور پر ہیروئن تھی۔ذرائعنے بتایا کہ زخمی درانداز رینگتے ہوئے واپس پاکستان کی طرف جانے میں کامیاب ہو گیا۔تاہم اس علاقے میں تلاشی کارروائی عمل میں لاکر چوکسی بڑھادی گئی ۔