نئی دہلی:تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو ہندوستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے اور ثقافتی تعلقات کو گہرا کرنے پر زور دیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون پر ہندوستان-کرغز جمہوریہ بین الحکومتی کمیشن کے 10ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ندوستان-کرغز جمہوریہ بین الحکومتی کمیشن کا 10 واں سیشن ورچوئل فارمیٹ میں منعقد ہوا۔ اس کی مشترکہ صدارت پیوش گوئل اور کرغیز جمہوریہ کے ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ کے وزیر ایمانوف تلانت بیک اوروسکولووچ نے کی۔ مذاکرات گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہوئے۔ گوئل نے نوٹ کیا کہ ہندوستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مارچ 1992 میں جمہوریہ کرغیز کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل تھا اور مشاہدہ کیا کہ 2022 کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ منائی گئی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جون 2019 میں جمہوریہ کرغزستان کے دورے نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ وزیر موصوف نے نشاندہی کی کہ ہندوستان اور کرغزستان کے درمیان دو طرفہ تجارت میں توسیع کے بے پناہ امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کرغزستان میں تجارتی نمائشوں میں شرکت کے لئے بہت پرجوش تھا اور کرغزستان کو ہندوستان میں تجارتی نمائش میں شرکت کے لئے مدعو کیا- دونوں فریقوں نے تجارت اور معیشت، ترقیاتی شراکت داری کے شعبوں میں باہمی تعاون اور انہیں مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن، دانشورانہ املاک، زراعت، صحت کی دیکھ بھال اور دواسازی، ٹیکسٹائل، تعلیم، ماحولیات، معیاری کاری اور میٹرولوجی، بینکنگ، ٹرانسپورٹ، لیبر، کان کنی اور بجلی کے شعبے میں بھی دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر زور دیا گیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کے درمیان رابطے بڑھانے اور تجارتی ٹوکری کو وسعت دینے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔