سرینگر /23اپریل /
معروف سیاحتی مقام پہلگام میں معصوم سیاحوں پر دہشت گرانہ حملہ صرف جانوں پر حملہ نہیں بلکہ کشمیریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسے حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ حملے میں 26افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔آج سرینگر کے گھنٹہ گھر میں ایک احتجاج کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کشمیری عوام کی جانب سے قوم سے معافی مانگی۔انہوں نے کہا کہ معصوم سیاحوں پر حملہ صرف جانوں پر ہی حملہ نہیں بلکہ کشمیریت پر حملہ ہے۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر زور دیا، جو اس وقت کشمیر میں ہیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ قصورواروں کی جلد شناخت کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا’’وزیر داخلہ ذمہ داروں کو اس سزا کا سامنا کرنے کو یقینی بنانے کے لیے تیزی سے کارروائی کرنی چاہیے، جس کے وہ مستحق ہیں‘‘ ۔اس حملے کو ’’بزدلانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا’’لوگ کشمیر کی خوبصورتی اور امن سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں، لیکن اس حملے نے اس امیج کو داغدار کر دیا ہے۔ جو کچھ ہوا اس پر کشمیر شرمندہ ہے، اور ہم اس بحران کے وقت ملک کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘ ۔محبوبہ نے کہا’’میں اس سانحہ پر اپنی قوم کے لوگوں سے افسوس کا اظہار کرنا چاہتی ہوں، جو کچھ ہوا ہے اس کے لیے ہمیں بہت افسوس ہے‘‘ ۔










