نگران نیوز ڈیسک
سرینگر// جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھوار کو پہل گام حملہ کی پہلی برسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے واقعات کو مستقبل میں روکنے کیلئے پُرعزم ہے۔نگران نیوز ڈیسک کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن انتہائی دردناک ہے کیوں کہ آج ہی کے روز پہل گام کی بائی سرن وادی میں چھٹیوں پر آئے سیاح دہشت گردوں کے حملے میں مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم اُن تمام مارے گئے سیاحوں کو یاد کرتے ہیں جن کا کوئی قصور نہیں تھا۔ وہ صرف کشمیر چھٹیاں منانے کی غرض سے آئے ہوئے تھے لیکن دہشت گردوں نے اُن پر گولیاں چلاکر انہیں زندگیوں سے محروم کردیا۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے بائی سرن میں ہوئے حملے کے بعد دہشت گردی کیخلاف سخت موقف اختیار کیا ہے اور سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی حفاظت کو لیکر ٹھوس حفاظتی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اُسی دن یہ طے کیا اور آج بھی اُسی موقف پر قائم ہیں کہ ایسے حادثات آئندہ نہ ہوں۔تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں کی روک تھام کیلئے تمام اداروں پر مشترکہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، چاہے وہ عوام کی منتخب حکومت ہو یا مرکزی سرکار ہو یا امن و قانون نافذ کرنیوالی مشینری، ہمیں مل جل کر ایسے حمکوں کو مستقبل میں روکنا ہوگا۔









