نگران نیوز
سری نگر// مرکزی سرکار کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے اقدامات کو مزید تقویت دیتے ہوئے پانپور ریلوے سٹیشن پر نو تعمیر شدہ گڈز شیڈیعنی مال گودام کا افتتاح کیا گیا، جس کے ساتھ ہی وسطی کشمیر میں باقاعدہ مال بردار (فریٹ) ریل خدمات کا آغاز ہوگیا۔ اننت ناگ کے بعد اب پانپور وادی کشمیر کا دوسرا اہم ریلوے فریٹ ہب بن گیا ہے۔گڈز شیڈ کا افتتاح چیف ایریا منیجر، انڈین ریلوے کپل شرما نے سینئر ریلوے حکام، تاجر برادری کے نمائندوں اور مقامی معززین کی موجودگی میں انجام دیا، جس کے ساتھ ہی علاقے میں باقاعدہ مال بردار سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔اس موقعے پر سیمنٹ سے لدی پہلی مال بردار ٹرین پانپور ریلوے سٹیشن پہنچی، جس کا چیف ایریا منیجر کپل شرما، ریلوے حکام اور تاجر برادری نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس ٹرین کی آمد کو وادی کشمیر میں ریلوے کے ذریعے مال برداری کے نظام کی توسیع کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے وسطی کشمیر میں اشیائے ضروری اور دیگر سامان کی نقل و حمل مزید مؤثر ہوگی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایریا منیجر کپل شرما نے کہا کہ گڈز شیڈ کا افتتاح اور پہلی مال بردار ٹرین کی آمد وادی کشمیر میں فریٹ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی سمت ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی سہولت کے ذریعے سیمنٹ سمیت دیگر ضروری اشیاء کی بروقت اور کم لاگت پر ترسیل ممکن ہوگی، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی، سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی اور وسطی کشمیر میں تجارت، کاروبار اور اقتصادی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ حاصل ہوگا۔تاجر برادری نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک دیرینہ اور اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانپور میں ریلوے کے ذریعے مال برداری کی سہولت دستیاب ہونے سے تاجروں، صنعتوں اور صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، سامان کی ترسیل تیز، محفوظ اور کم خرچ ہوگی جبکہ ضروری اشیاء مناسب قیمتوں پر بروقت دستیاب رہیں گی۔تاجروں نے امید ظاہر کی کہ پانپور ریلوے اسٹیشن پر قائم گڈز شیڈ نہ صرف وسطی کشمیر میں فریٹ رابطے کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہوئے پانپور اور اس کے ملحقہ علاقوں کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ سے لدی پہلی مال بردار ٹرین کی آمد وسطی کشمیر میں ریلوے کارگو خدمات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔










