نگران نیوز
سری نگر/ / وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا میں دیرپا امن یقینی بنانے کی سبھی کوششوں کی حمایت کرتاہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہآنے والے وقت میں ایران کے ساتھ تجارتی شعبے کو مزید وسعت دینے اور تجارتی اشیا و شعبوں میں تنوع پیدا کرنے کا خواہاں ہے۔ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں دیرینہ دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے دائرے کو وسیع اور متنوع بنانے کی کوشش کی جائے گی۔مودی نے خطے کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے موقع پر آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشینیان سے بھی الگ ملاقات کی۔مودی نے اس ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرمینیا کے وزیر اعظم کے ساتھ بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔










