نگران نیوز
سری نگر// وزارتِ ریلوے نے جموں توی۔سری نگر وندے بھارت ایکسپریس کو اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر تجرباتی بنیادوں پر روکنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے سے جنوبی کشمیر کے مسافروں کو براہِ راست ریل رابطے کی سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔ریلوے بورڈ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق ٹرین نمبر 26401/26402 جموں توی۔سری نگر وندے بھارت ایکسپریس کو اننت ناگ اسٹیشن پر مناسب ابتدائی تاریخ سے روکا جائے گا، تاہم اس کے لیے ضروری حفاظتی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ریلوے بورڈ نے شمالی ریلوے کو اننت ناگ اسٹیشن پر ٹکٹوں کی فروخت اور مسافروں کے ردعمل پر قریبی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ بعد میں اس اسٹاپ کا جائزہ لیا جاسکے۔حکام کو نئے اسٹاپ کے بارے میں بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے اور ریلوے بورڈ کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔اننت ناگ میں وندے بھارت ایکسپریس کے تجرباتی اسٹاپ سے اننت ناگ اور ملحقہ علاقوں کے مسافروں کو جموں اور سری نگر کے درمیان چلنے والی اس تیز رفتار ٹرین سروس تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔










