نگران نیوز
سری نگر/ / جموں و کشمیر میں ویٹرنری طلبہ نے انٹرن شپ وظیفے میں اضافے کے دیرینہ مطالبے کو لے کر پیر کے روز پْرامن احتجاج کیا۔طلبہ کے مطابق دونوں زرعی جامعات میں ویٹرنری انٹرنز کو چھ ماہ تک ماہانہ 6 ہزار روپے جبکہ باقی چھ ماہ کے دوران 9 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اضافی 3 ہزار روپے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں۔ادھر ایس کے آئی ایم ایس میڈیکل کالج بمنہ کے 2021 بیچ سے وابستہ انٹرن ڈاکٹروں نے انٹرن شپ وظیفے میں نظرثانی کے مطالبے کو لے کر پیر کے روز بھوک ہڑتال شروع کردی۔انٹرن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک حکومت وظیفے میں اضافے کے حوالے سے باضابطہ تحریری حکم جاری نہیں کرتی۔انٹرنز کے مطابق وظیفے کے معاملے پر انتظامیہ کے ساتھ کئی دور کی بات چیت اور یقین دہانیاں ہوچکی ہیں، تاہم ان کے باوجود اب تک اس سلسلے میں کوئی تحریری حکم جاری نہیں کیا گیا۔










