نگران نیوز
سری نگر//لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ کو منگل کو موجودہ منوج سنہا کی "غیر حاضری، چھٹی” کے دوران جموں و کشمیر کا اضافی چارج سونپا گیا۔ سنہا، جنہوں نے 7 اگست 2020 کو جموں و کشمیر کے ایل جی کا عہدہ سنبھالا تھا، فی الحال ایک سرکاری دورے پر امریکہ میں ہیں۔راشٹر پتی بھون کے ایک مراصلے میں کہا گیا ہے کہ”صدر جمہوریہ ہند کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے فرائض کی انجام دہی کے لئے مقرر کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی غیر حاضری کے دوران جموں و کشمیر کے ایل جی کی ذمہ داری سبھالیں گے”۔ادھر لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر اور جموں و کشمیر کے قائمقام ایل جی ونے کمار سکسینہ آج ڈاکٹر جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب صبح 11 بجے سری نگر کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔اگست 2019 میں لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کو عہدے کا حلف دلائیں گے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 5 ستمبر کو راجستھان ہائی کورٹ کے جج جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔جسٹس بھاٹی جسٹس سنجیو کمار کی جگہ لیں گے، جو 2 جون سے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔اس سے قبل سپریم کورٹ کالجیم نے 31 اگست کو جسٹس بھاٹی کے نام کی سفارش جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر کی تھی۔جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی ایک سینئر جج ہیں اور انہیں وسیع عدالتی تجربہ حاصل ہے۔ انہیں 16 نومبر 2016 کو ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔










