نگران نیوز
سری نگر/ / وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آئندہ اسمبلی اجلاس کی مختصر مدت پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کو اسمبلی اجلاس کی مدت پر سوال اٹھانے کا کوئی اخلاقی یا سیاسی جواز نہیں، کیونکہ بی جے پی کے زیر اقتدار کئی ریاستوں میں اس سے بھی مختصر اسمبلی اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں۔منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس سات روز پر مشتمل ہے اور اسے غیر سنجیدہ قرار دینے کی کوئی وجہ نہیں۔عمر عبداللہ نے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے پارلیمنٹ کی کارروائی کا جائزہ لے اور دیکھے کہ اس کے ارکان وہاں کتنے وقت تک موجود رہتے ہیں، اس کے بعد دوسروں کو سنجیدگی کا درس دے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے رہنما روزانہ بیانات جاری کرتے ہیں،ہر روز سیاسی بیانات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے۔سیاسی استحکام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں اپنے ارکان اسمبلی پر مکمل اعتماد ہے اور وہ روزانہ یہ گنتی نہیں کرتے کہ کتنے ارکان ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ ان کے ارکان اسمبلی میں سے کوئی ان کا ساتھ چھوڑ سکتا ہے۔عمر عبداللہ نے حکومت کے خلاف سیاسی سرگرمیوں اور قیاس آرائیوں کے پیچھے بعض افراد کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک یا دو افراد اس طرح کی باتوں کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے پیچھے کون لوگ ہیں اور ان میں بعض ایسے افراد بھی شامل ہیں جو حکومت بننے کے فوراً بعد ان کے دفتر آئے تھے اور کسی عہدے یا جگہ پر تعیناتی کی درخواست کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان افراد کے نام سرکاری دفتر کے آنے جانے کے ریکارڈ سے معلوم کیے جا سکتے ہیں۔ عمر عبداللہ کے مطابق بعض لوگ اس لیے حکومت کے خلاف لکھ رہے ہیں کیونکہ ان کی خواہشات پوری نہیں ہوئیں۔وزیر اعلیٰ نے بھرتیوں کے معاملے پر کہا کہ مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کو بتدریج پْر کیا جا رہا ہے۔










