نگران نیوز
سری نگر// نیشنل ہیلتھ مشن کے ملازمین نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے ان کے دیرینہ مطالبات پر یقین دہانیوں کے بعد اپنی ہڑتال ختم کر دی۔یہ فیصلہ ملازمین کے نمائندوں اور حکومت کے درمیان ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد کیا گیا۔ملازمین نے بتایا کہ حکومت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کی تجاویز پر پیش رفت کی جائے گی اور ان کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کچھ فیصلوں کو مزید غور و خوض کے لیے مخر کر دیا جائے گا۔ان کے مطابق، حکومت نے این ایچ ایم کے مشن ڈائریکٹر کو ایک کوآرڈینیٹر مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جو ملازمین اور محکمے کے درمیان رابطے کا کام کرے گا اور ان کے مسائل پر باقاعدہ بات چیت کو آسان بنائے گا۔ملازمین نے کہا کہ وہ حکومت کے مثبت رویے اور میٹنگ کے دوران دی گئی یقین دہانیوں سے مطمئن ہیں۔ایک نمائندے نے کہا کہ ایک ماہ تک ان یقین دہانیوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد تجاویز پر مزید غور کیا جائے گا۔یہ اجلاس محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ ملازمین کے نمائندوں نے بتایا کہ یقین دہانیاں تحریری طور پر فراہم کی گئی ہیں۔










