نگران نیوز
سری نگر//جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے ڈل جھیل اور دریائے جہلم سمیت دیگر آبی ذخائر میں رہنے والے لوگوں کو وہاں سے ہٹانے کیلئے2دہائیوں سے بھی زائد عرصہ قبل وضع کی گئی پالیسی زمینی سطح پر خاصی کامیاب ثابت نہیں ہو سکی۔ کئی لوگوں نے اپنی روزی روٹی کا وسیلہ کھو دیا اور زندہ رہنے کیلئے اپنی جائیدادیں فروخت کرکے اپنے آبائی علاقوں کا رُخ کرنے لگے، کیونکہ انہیں ان کے روایتی کام، یعنی کشتی چلانے، سبزیاں اُگانے، اور سیاحوں کی رہنمائی جیسے کاموں سے محروم کر دیا گیا۔ اگر مجوزہ بل منظور ہو جاتا ہے تو اس پالیسی میں تبدیلی متوقع ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی تنویر صادق کی جانب سے پیش کیے جانے والے بل میں جھیلوں سمیت کشمیر کے دیگر آبی ذخائر میں رہنے والے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کی تجویز دی گئی ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جموں و کشمیر حکومت نے آبی ذخائر سے لوگوں کو منتقل کرکے انہیں مفت رہائشی پلاٹ اور معاوضہ دینے کی اپنی اہم پالیسی ترک کر دی ہے۔ ڈل جھیل اور دیگر آبی ذخائر سے 1800 سے زیادہ لوگوں کو سرینگر کے مضافات میں واقع رکھِ آرتھ ہاؤسنگ کالونی، بمنہ منتقل کیا گیا تھا۔ڈل جھیل کنارے آباد رہائشیوں کیلئے جھیلوں میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے ایکو فرینڈلی ہاوسنگ بل 2026 پیش کی گئی۔ بل کا مقصد جموں و کشمیر میں جھیل کنارے طویل عرصے سے رہنے والے لوگوں کے حقوق کو تسلیم اور محفوظ کرنا ہے۔ مسودے میں باعزت رہائش، گھروں کی مرمت، دوبارہ تعمیر، بہتری اور ماحول دوست رہائشی مکانات کی تعمیر کی بات کی گئی ہے۔ ساتھ ہی رہائشیوں کے رہائشی حقوق کو جھیلوں، دلدلی علاقوں اور دیگر آبی ذخائر کے تحفظ اور نگہداشت کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ صرف ڈل جھیل میں رہائشیوں کی تقریباً 58 بستیاں ہیں۔ مردم شماری کے مطابق جموں و کشمیر کے 9765 آبی ذخائر میں سے تقریباً ایک چوتھائی یا تو خشک ہو چکے ہیں یا ’’استعمال میں نہیں ہیں۔کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل آف انڈیا (سی اے جی) کی ایک آڈٹ رپورٹ کے مطابق، تجاوزات، بغیر صفائی کے سیوریج اور کمزور نگرانی کے نظام کی وجہ سے گزشتہ ایک دہائی میں ڈل جھیل کا رقبہ 10 فیصد سے زیادہ کم ہوا ہے۔









