گاندربل :وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میںایک معمولی لینڈ سلائیڈ نے سرینگرلیہ شاہراہ کو عارضی طور پر بند کر دیا جبکہ گذشتہ شام ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد کچھ دوسری سڑکیں بہہ گئیں۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع گاندربل کنگن کے بالائی علاقہ سرفراو میں بادل پھٹنے کی وجہ سے شدید بارشوں سے پانی کے ریلے آئے جس سے علاقے میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ مقامی لوگوںنے بتایا کہ پانی کئی رہائشی گھروں میں داخل ہوا اور زرعی کھیتوں کو بھی ڈبودیا۔ اس کے علاوہ کچھ املاک بھی بہہ گئیں۔تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق گنی ون اور سمبل کو ملانے والی سڑک بھی بہہ گئی ہے۔گذشتہ شام سمبل علاقہ میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس نے سرینگر۔ لیہ شاہراہ کو بلاک کر دیا جسے پیر کی صبح جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔ پولیس نے کئی گھرانوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا ہے۔سیلابی ریلے کی ایسی ہی اطلاعات کنگن کے علاقے دار وڈر اور یچھہ ہامہ علاقوں سے بھی موصول ہوئی ہیں جہاںکچھ رہائشی مکانات اور سڑکوں کو نقصان پہنچا۔اطلاعات میںایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری کا حوالہ دیتے ہوئے نتایا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن گنڈ اور کنگن کی طرف سے بچاو آپریشن شروع کیا گیا ہے اور رات بھر آپریشن کے بعد پیر کی صبح سرینگرلیہ شاہراہ کو بحال کیا گیا ہے۔اطلاعات میں حکام نے کہا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور فلیش فلڈس سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنی ون۔ سمبل سڑک کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔