سری نگر: گاڑیوں میں پیٹرول وڈیزل بھرتے وقت بل پر2روپے اسٹامپ ڈیوٹی کے حکمنامے نے کشمیرکے پیٹرول پمپ مالکان کوپریشان کردیاہے ۔کشمیرویلی پیٹرولیم ڈیلرس ایسوسی ایشن کے صدر فاروق رفیقی نے کہاکہ انہوں نے صوبائی کمشنر کشمیرسے ملاقات کرکے اُن سے اس حکم پرنظرثانی کی اپیل کی جبکہ اس سلسلے میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اورڈپٹی کمشنرآف اسٹامپس کشمیرکوبھی ایک یادداشت روانہ کی گئی ہے ۔اُدھر پیٹرول پمپ مالکان کی تنظیم آل اوئل مارکیٹنگ کمپنیزکی اسٹیٹ لیول کارڈی نیٹرانجانی کمارنے بھی کشمیرمیں اسٹامپ ڈیوٹی لینے سے متعلق آرڈر پراعتراض جتاتے ہوئے کمشنر سیکرٹری محکمہ برائے فوڈ ،سیول سپلائز وامورصارفین کوایک مکتوب روانہ کرکے مذکورہ آرڈر کومنسوخ کرنے یااسکو التواء میں رکھنے پرزوردیا۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس ) کومعلوم ہواکہ 20اگست2021کوڈپٹی کمشنرآف اسٹامپس کشمیرنے ایک دفتری آرڈر زیرنمبر42آف 2021میں جے اینڈکے اسٹیمپس سموات ایکٹ1977کی دفعات کے تحت حاصل اختیارات کاحوالہ دیتے ہوئے ماتحت افسروں اورملازمین کوہدایت دی کہ وہ کشمیرمیں قائم آٹو موبائل کمپنیوں کے ساتھ ساتھ انشورنس کمپنیوں نیز سرکاری ونیم سرکاری دفاتر بشمول تعلیمی اداروں،میڈیکل تشخیصی مراکز ،اسپتالوں ،نرسنگ ہومز ،گیس ایجنسیوں اورپیٹرول پمپوں کے ریکارڈس کامعائنہ کرکے یاجائزہ لیکر اسبات کی جانچ کریں کہ کیا متعلقہ اداروں کی جانب سے لین دین پراسٹا مپ ڈیوٹی لی جاتی ہے کہ نہیں ۔ڈپٹی کمشنرآف اسٹامپس کشمیرنے ماتحت تین انسپکٹروں اورایک سب انسپکٹر کویہ ہدایت دی ہے کہ وہ مذکورہ بالا سرکاری ونیم سرکاری اداروں کے ریکارڈ س کوہفتہ وار چیک کرکے اُنھیں اسبارے میں رپورٹ پیش کریں ۔اس سرکاری حکمنامے کی وضاحت کرتے ہوئے پیٹرول وڈیزل کا ریٹیل کاروبارکرنے والے پیٹرول پمپ مالکان نے کہاکہ ہمیں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ ہم ڈیزل یاپیٹرول کی ہرلین دین چاہئے وہ 100روپے سے 1000روپے تک کیوں نہ ہو،پر2روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی وصول کریں ۔انہوںنے مزیدوضاحت کرتے ہوئے کہاکہ جب کوئی بھی شخص پیٹرول پمپ پراپنی گاڑی میں پیٹرول یاڈیزل ڈلوانے آئے گاتو بل تھماتے وقت ہم بل پر2روپے کی اسٹیمپ یعنی ڈاک ٹکٹ لگانی ہے اورمذکورہ صارف سے یہ 2روپے اضافی وصول کرنے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہم پریشان ہیں کہ ایسا کوئی حکمنامہ اگرملک کی کسی دوسری ریاست اورجموں صوبہ میں لاگو نہیں کیاگیا ہے توکشمیرمیں متعلقہ اتھارٹی نے کس بناء پریہ آرڈر جاری کردیا۔کشمیرویلی پیٹرولیم ڈیلرس ایسوسی ایشن کے صدر فاروق رفیقی نے کہاکہ انہوں نے صوبائی کمشنر کشمیرسے ملاقات کرکے اُن سے اس حکم پرنظرثانی کی اپیل کی جبکہ اس سلسلے میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کوبھی ایک یادداشت روانہ کی گئی ہے ۔فاروق رفیقی نے کے این ایس کوفون پربتایاکہ ہم نے ڈپٹی کمشنر اسٹیمپس کشمیرکے دفترسے جاری کردہ اس آرڈرکے بارے میں ڈویژنل کمشنر کشمیر کیساتھ ملاقات کی ،اورہم نے اس آرڈر کے بارے میں اپنے تحفظات اُن کے سامنے رکھے ۔فاروق رفیقی کاکہناتھاکہ ہم نے صوبائی کمشنر کشمیر سے کہاکہ اس آرڈر پرنظرثانی کی جائے کیونکہ ملک میں کسی بھی دوسری جگہ ایسا کوئی آرڈر لاگو نہیں ہے ۔انہوں نے بتایاکہ ہم مرکزی سرکارکی جانب سے مقررہ ریٹ کے مطابق اپنے پمپوں سے پیٹرول اورڈیزل کاریٹیل کاروبار کرتے ہیں ۔فاروق رفیقی کامزیدکہناتھاکہ ہم نے ڈویژنل کمشنر کشمیر کوبتایاکہ اگراس آرڈر پرنظرثانی نہیں کی گئی توہم یعنی پیٹرول پمپ مالکان کوئی دوسرا راستہ اپنانے پرمجبور ہونگے ۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ اس سلسلے میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اورڈپٹی کمشنرآف اسٹامپس کشمیرکوبھی ایک یادداشت روانہ کی گئی ہے،اورہمیں اُمیدہے کہ لیفٹنٹ گورنر اس معاملے میں ذاتی مداخلت کرکے اس معاملے کوسلجھائیں گے ۔اُدھر پیٹرول پمپ مالکان کی تنظیم آل اوئل مارکیٹنگ کمپنیزکی اسٹیٹ لیول کارڈی نیٹرانجانی کمارنے بھی کشمیرمیں اسٹامپ ڈیوٹی لینے سے متعلق آرڈر پراعتراض جتاتے ہوئے کمشنر سیکرٹری محکمہ برائے فوڈ ،سیول سپلائز وامورصارفین کوایک مکتوب روانہ کرکے مذکورہ آرڈر کومنسوخ کرنے یااسکو التواء میں رکھنے پرزوردیا۔انہوںنے متعلقہ سرکاری حاکم پرزوردیاکہ کشمیرمیں ہماری ڈیلروں اورڈسٹربیوٹروں کے نام جاری کردہ اسٹامپ ڈیوٹی آرڈر کوالتوا میں رکھاجائے ۔پیٹرول پمپ مالکان کی تنظیم کے جموں شاخ کے صدر انجانی کمارنے یہ بھی کہاکہ پبلک سیکٹر یونٹ اوئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیساتھ اس بارے میں کوئی تبادلہ خیال اورنہ کوئی مشاورت کی گئی ہے جبکہ متعلقہ سیکشن میں ایسا کوئی ڈاک ٹکٹ لگانے کابھی کوئی واضح اشارہ نہیں ہے ۔