سرینگر//پونچھ میں حفاظتی فورسز نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ایک شہری کی گرفتاری اُس وقت عمل میں لائی جب 65برس کا شخص غیر قانونی طریقے سے بھارتی حدود میں داخل ہوا تھا ۔ مذکورہ شخص سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے اور اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ وہ بھارتی حدود میں کس غرض سے داخل ہوا تھا یا پھر کہیں وہ راہ بھٹک کر اس طرف تو نہیں آیا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرحدی حفاظتی فورسز نے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پاکستانی زیرانتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک 65سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں رنگر نالہ کے نزدیک ایل او سی پر فوج نے پاکستان زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک سن رسیدہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدہ شخص کی شناخت محمد جاوید ولد محمد سجاد ساکن چوپر پاکستان زیر انتظام کشمیر کے طور ہوئی ہے۔پاکستانی شہری کس غرض سے بھارتی حدود میں داخل ہوا تھا اس بارے میں فوج مذکورہ شخص سے پوچھ تاچھ کرہی ہے ۔ تاہم اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ عمر رسیدہ شخص غلطی سے سرحد پار کرگیا ہے ۔