جموں، 8 جولائی: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول کے سندربنی سیکٹر میں جمعرات کو ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران دو جنگجو اور دو فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔جھڑپ کے دوران ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے جسے علاج و معالجہ کے لئے فوجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ جھڑپ جمعرات کو اُس وقت چھڑ گئی جب دراندازی کرنے والے جنگجوئوں کا فوجیوں سے آمنا سامنا ہوا۔جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے مہلوک فوجیوں کی شناخت نائب صوبیدار سری جیت ایم اور سپاہی ایم جسونت ریڈی کے طور پر کی ہے۔انہوں نے جمعرات کی شام یہاں جاری ایک بیان میں کہا: ‘جمعرات کو فوجیوں اور دہشت گردوں کا آمنا سامنا ہوا۔ دہشت گردوں نے ہتھ گولے داغے جس کے بعد طرفین کے مابین جھڑپ چھڑ گئی۔دفاعی ترجمان نے کہا کہ جھڑپ کے دوران دو پاکستانی جنگجو مارے گئے جن کے قبضے سے دو اے کے 47 رائفلیں اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں وسیع تلاشی آپریشن جاری ہے۔ (یو این آئی)