کپواڑہ/
وادی کشمیر میں کل ضلع میں سب سے زیادہ برف جمع ہونے کے بعد آج ترجیحات کے تحت تقریباً تمام سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ۔
ضلع ترقیاتی کمشنر ڈائیفوڈے ساگر دتاترے نے متعلقہ اَفسران کے ہمراہ آج کپواڑہ ٹائون کے مختلف بازاروں ، سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ ، ریسونگ سٹیشن ٹکر ، مکینیکل اِنجینئر نگ ورکشاپ بوہامہ کا دورہ کیا اور سنو کلیئر نس آپریشن اور دیگر متعلقہ اَمور کا جائزہ لیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایس ڈی ایچ کپوارہ کے دورے کے دوران مریضوں اور عملے کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو واردوں میں گرمائش کے مناسب نظام کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کو بوہامہ میں مکینکل اِنجینئر نگ ورکشاپ کا معائینہ کرتے ہوئے جانکاری دی گئی کہ ضلع میں 17برف صاف کرنے والی مشینیں دستیاب ہیں اور ضلع بھر میں کام کر رہی ہیں۔ اُنہیں بتایا گیا کہ کہ ترجیحات کے تحت آنے والی تمام سڑکوں سے برف صاف کی گیء ہے اور کپواڑہ۔ ہندواڑہ ، کپواڑہ ۔سوپور، کپواڑہ ۔چوکہ بل ،کپواڑہ ۔ لولاب ، کپواڑہ ۔ کلاروس، کپواڑہ ۔ ولگام ، ہندواڑہ ۔ زچلڈرہ ، ہندواڑہ ۔ لنگیٹ ، کپواڑ ہ ۔ ہیہامہ اور اس طرھ کے دوسرے راستے پر ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے ۔
اِس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ صحت اِداروں ، ہسپتالوں ، سرکاری دفاتر اور ضروری تنصیبات کی طرف جانے والی تمام سڑکوں سے برف صاف کی گئی ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اُنہوں نے پہلے ہی تمام اَفسران اور فیلڈ فنکشنز کو عوامی مسائل کے حال میں فعال کردار اَدا کرنے کی ہدایت دی اور عوام کو آگاہ کیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال اور مدد کی صورت میں سب سے پہلے تحصیل داروں اور ایس ایچ اوز سے رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپواڑہ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم عوام سے کسی بھی وقت کال لینے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے ۔اِس کے علاوہ محکموں نے فوری ردِّعمل کے لئے پہلے ہی کنٹرول روم قائم کر رکھے ہیں۔