سرینگر// مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر نے دسمبر 2022 کے مہینے میں اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی میں خاطر خواہ اضافہ درج کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ظاہر ہونے والے ریاست؍ یو ٹی کے حساب سے اعداد و شمار کے مطابق، جموں و کشمیر نے دسمبر 2022 کے مہینے کے لیے اپنے جی ایس ٹی کی وصولی میں 24 فیصد کا اضافہ درج کیا ہے جو کہ قومی اوسط سے 13 فیصد زیادہ ہے۔ ایڈیشنل کمشنر، اسٹیٹ ٹیکسز کشمیر، شکیل مقبول نے اس پس منظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کی وصولی میں یہ اضافہ ٹیکس کی بہتر تعمیل اور رپورٹنگ کے ساتھ معاشی بحالی کی وجہ سے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اضافہ جی ایس ٹی کے آغاز کے بعد سے جموں و کشمیر میں اب تک کی بلند ترین ماہانہ شرح نمو میں سے ایک ہے۔