کرگل ؍؍رنگ یل نیوزسروس؍؍درہ زوجیلہ میں ذرائع آمدورفت بند کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہل کونسل کرگل کے سربراہ فیروزاحمدخان نے بیکن ،باڈرروڑ آرگنائزیشن اور ویجیک کی کاوشوں کی ستائش کی ہے اورکہا ہے کہ ان کی خدمات اور انتھک محنت کی وجہ سے درہ ذوجیلہ سے گزرنے والی دشوارگزارشاہراہ کوریکارڈ وقت تک کھلا رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ادھر ضلع کرگل کے عوام کو بیرونی دنیاسے زمینی رابط منقطع ہونے کے بعد ہل کونسل کے سربراہ نے کہاہے کہ ضلع کے عوام کو بہتر ہوائی سروس کی خدمات بہم پہنچانے کی خاطر یوٹی لداخ کے محکمہ شہری ہوابازی کے کمشنر سیکریٹری سے تحریری طورپر کورئیر(AN-32) سروس کوجلدچالو کرنے کی ضرورت کو اجاگرکرتے ہوئے شہری ہوابازی اور انڈین آئرفورس سے مطالبہ کیاگیاہے کہ عوامی بالخصوص طلبا کے ضروریات کے پیش نظرجلد ہی کرگل سرینگر اور کرگل جموں کے لئے کورئیر سروس کی خدمات کو ممکن بنایاجائے تاکہ سردی کے ایام میں ضلع سے باہر حصول تعلیم ،علاج ومعالجہ اور نجی مصروفیات کیلئے جانے والے عوام کے لئے ہوائی سروس کی سہولیات دستیاب ہوں۔نیز مسٹرخان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ سرینگر کرگل قومی شاہراہ کو دوبارہ کھولنے کے لئے متعلقہ محکمہ جات نے ایک دوسرے کے ساتھ مظبوط باہمی تامیل قائم کرکے جلد ہی ذرائع آمدورفت کے قابل بنانے میں اپناکرداراداکریں گے تاکہ عوام کو جلدہی آواجاہی کی سہولیات میسرہوں۔واضح رہے ضلع کرگل کے عوام درے ذوجیلہ بندہونے کے بعد کرگل سے باہر جانے کے لئے کوئی متبادل ذرائع آسانی سے فراہم نہیں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بالخصوص علاج ومعالجہ اور حصول تعلیم کے غرض سے کرگل سے باہر جانے والے لوگوں کو سنگین مشکلات ومسائل کاسامنہ کرناپڑتاہے ۔ضلع کے عوامی نمایندوں اور سیاسی رہنماوں نے کئی دہائیوں سے کرگل کے عوام کے لئے ہوائی سروس کی خدمات چالو کرنے کی مانگ کی ہے لیکن سیول جہازوں کی خدمات عوام کو نصیب نہیں ہوپائی ہیں ۔