کرگل ؍؍رنگ یل نیوزسروس؍؍خطہ لداخ میں موسم سرماکی سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے خطہ لداخ کی اندرونی اور بیرونی سٹرکوں پر پھسلن کے خطرات بڑھ گئے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آنے والے دنوں میں درہ ذوجیلہ کے آرپارمزیدموسم کی خرابی کے امکانات ہیں جس کی وجہ سے لداخ یوٹی انتظامیہ نے کل سے کرگل سرینگرقومی شاہراہ عارضی طورپر گاڑیوں کی آواجاہی کے لئے بند کردینے کا فیصلہ کیاہے ۔اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر لداخ کے دفتر سے جاری ایک حکم نامہ میں ڈپٹی سیکریٹری ریگزین سپلگون نے سرینگر لہہ قومی شہراہ کو آج سے گاڑیوں کی آواجاہی کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔مذکورہ حکم نامہ میں بتایاگیاہے کہ سردی اورسخت موسمی حالات کے پیش نظر زوجیلہ پاس آرپارکے ذرائع آمدورفت کے قابل نہیں رہاہے ۔جس کی وجہ سے یوٹی انتظامیہ نے مسافروں اور گاڑیوں کی سلامتی کونظرمیںرکھ کر زوجیلہ کوہر قسم کی گاڑیوں کی آوجاہی کے لئے بند کردیاہے جو مذکورہ شاہراہ کودوبارہ ذرائع آمدورفت کے لئے کھول دینے کا حکم جاری ہونے تک بند رہے گی ۔اس لئے مذکورہ حکم نامہ میں عوام النا س اور سیاحوں کو مشورہ دیاگیاہے کہ مذکورہ شہراہ پر سفر کرنے کے جو پروگرام ہیں وہ ملتوی کردئے جائیں اور سرینگرلہہ قومی شاہراہ پر کل سے سفرکرنے سے اجتناب کریں تاکہ کسی قسم کے مشکلات اورحادثات کا سامنا نہ کرناپڑے ۔درایں اثنا درہ زوجیلہ بند ہونے سے بازاروں میں تازہ سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردنی کی دستیابی میں بھی کمی آناشروع ہوگئی ہے ۔جس سے عوامی حلقوں میں بے چینی کاماحول پایاجاتاہے ۔