گلمرگ 12 جنوری: محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام اسکیئنگ کا سالانہ تربیتی پروگرام جمعرات کو یہاں خوبصورت گلمرگ میں شروع ہورہا ہے۔
جموں ڈویژن کے تمام اضلاع سے منتخب ہونے والے 60 طالب علموں کے پہلے دستےنے گلمرگ کی برف سے ڈھکی وادی میں یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے سکریٹری سرمد حفیظ اور محکمہ کے ڈائریکٹر سباش سی چھبر کی نگرانی میں اپنی تربیت شروع کی ہے۔
ڈائریکٹر یوتھ سروس اینڈ سپورٹس نے تربیتی پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء کو فون پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ کیمپ کے کامیاب انعقاد کے لیے محکمہ نے تربیت یافتہ افسران اور اسکیئنگ انسٹرکٹرز کو تعینات کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ٹرینرز اولمپیئن گل مصطفیٰ دیو کی تکنیکی رہنمائی میں کام کر رہے ہیں اور محکمہ نے خوبصورت صحت ریزورٹ میں تربیت حاصل کرنے والوں کے قیام اور رہائش کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔”
ڈائریکٹر اسپورٹس نے مزید کہا کہ تربیت حاصل کرنے والوں کے پہلے دستےکا انتخاب جموں ڈویژن کے مختلف سرکاری اسکولوں سے کیا گیا ہے اور وہ 15 روزہ پروگرام میں کھیل کی بنیادی تربیت حاصل کریں گے۔
سکی تربیت پروگرام کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم ڈاکٹر جاوید الرحمان، ،اولمپیئن گل مصطفی دیو، I/C Hutments ہلال احمد، I/C کورس غلام نبی ریشی اور انسٹرکٹرز/ٹرینرز مشتاق احمد خان، رفیق احمد، شاہ فیصل، فیاض احمد دوبی اور ذیشل علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس طرح کے کورس یوٹی کے دیگر اضلاع کے لیے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں اور لڑکوں کے علاوہ لڑکیاں بھی دنیا کے مشہور گلمرگ کے سکیئنگ ڈھلوانوں پر یہ تربیت حاصل کریں گی۔ پچھلے سال کے دوران، محکمہ نے یوس مرگ اور گریز کی ڈھلوان پر بھی سکی ٹریننگ فراہم کرنے کی کامیاب کوششیں کی ہیں اور آنے والے وقتوں میں اسے پہلگام اور سونمرگ میں بھی متعارف کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس سیزن میں سینکڑوں لڑکوں اور لڑکیوں کو سکی کی بنیادی تربیت دی جا رہی ہے اور رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔