سری نگر/30؍جنوری//کشمیر انفو//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے ضلع میں رات بھر ہونے والی برف باری کے پیش نظر صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آج سری نگر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے برف صاف کرنے کے کام کامعائینہ لیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں دستیاب ضروری اشیاء اور ہیلتھ کیئر خدمات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگرکے ہمراہ کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن اطہر عامر خان بھی تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں بشمول کرن نگر ، کاک سرائے ، بتہ مالو، جہانگیر چوک، بمنہ ، مائسمہ ، بسنت باغ ، گائو کدل ، لال چوک اور دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور جاری برف صاف کرنے کے کام کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے بجلی کی فراہمی کا جائزہ لینے کے علاوہ ایمبولنسوں کی بغیر پریشانی ٹرانسپورٹیشن کے لئے کلیئر نس اَقدامات کا معائینہ کرنے کے لئے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ اُنہوں نے ہسپتال کے مختلف یونٹوں کا ایک چکر لگایا اور ایمرجنسی یونٹ ، آئی سی یو، اوپی ڈی ، آئی پی ڈی کا معائینہ کیا اور ہسپتال میں دستیاب مریضوں کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس سے کہا کہ وہ مریضوں کو صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اقدامات کریں کہ مریضوں کی خدمات بالکل متاثر نہ ہوں۔اُنہوں نے دیگر لائن محکموں کو بھی ہدایت دی کہ و ہ وقفے وقفے سے برف کی صفائی اور پانی کے جمنے پر قابو پانے کے لئے موبائل ڈی واٹرنگ پمپوں کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام سٹی ہسپتالوں میں ایمبولنس کی مفت آمد ورفت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے سری نگر کے بیرونی علاقوں جیسے ہارون ، داراں ، فقیر گجری ، کھنموہ ، بالہامہ ، سویۂ ٹینگ ، پنزہ نارا وغیرہ سے برف صاف کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے پاور گرڈ سٹیشن بمنہ کا بھی دورہ کیا اور بجلی کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔ اُنہیں جانکاری دی گئی کہ فی الحال تمام سٹی سٹیشنوں اور فیڈروں کو نوٹیفائیڈ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کوبتایاگیا کہ مسلسل برف باری کی وجہ سے آج ڈویژن وار بجلی کے فیڈرز فالٹ کی زد میں ہیں، 11KV صلاحیت کے کل 267 فیڈرز میں سے صرف 8 خرابی کی زد میں ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جا رہا ہے۔ڈی سی کو ایگزیکٹیو اِنجینئر نے پانی کی فراہمی کے سلسلے میں بتایا جو اس دورے کے دوران ہمراہ تھے کہ پانی کی سپلائی کی تمام سکیمیں بشمول 9 بڑے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹوں جو سری نگر کے اطراف میں کام کر ہے ہیں معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے بسنت باغ میں ٹرانسفارمر ریپئر یارڈ کا معائینہ کیا اور بفر پاور ٹرانسفارمروں کے سٹاک پوزیشن کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئر ، پی ڈی ڈی نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی کہ 22ٹرانسفارمربفر سٹاک میں ہیں تاکہ خراب ٹرانسفارمروں کو تبدیل کرنے کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو یہ بھی بتایا گیا کہ اتوار کی شام خراب ہونے والے 630کے وِی اے کا ڈسٹربیوشن ٹرانسفارمر آج صبح تبدیل کیا گیا ۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ چیف پلاننگ آفیسر محمد یاسین لون ، میکنیکل انجینئر نگ ڈیپارٹمنٹ ، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ، پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ ، سری نگر میونسپل کارپوریشن ، یو اِی اِی ڈی اور دیگر لائن محکموں کے اَفسران بھی تھے۔