بنگلورو، 6 فروری// وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ وبا اور جنگ سے تباہ حال دنیا میں ہندوستان مسلسل عالمی سطح پر بہتر مقام پر برقرارہے۔
مسٹرمودی نے یہ تبصرہ حال ہی میں جاری آئی ایم ایف کی رپورٹ کے تناظر میں کیا جس میں ہندوستان کو سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ انہوں نے اس حصولیابی کے لیے ملک میں مستحکم اور فیصلہ کن حکومت مسلسل اصلاحات اور زمینی سطح پر سماجی و اقتصادی بااختیار بنانے جیسے عوامل کا حوالہ دیا۔
انہوں نے ملک کے کروڑوں لوگوں کے معیار زندگی میں مثبت تبدیلی کا ذکر کیا جہاں وہ غربت سے نکل کر متوسط طبقے کی سطح پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں چھ لاکھ کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھایا گیا ہے تاکہ ہر گاؤں میں انٹرنیٹ کی سہولت ہو۔ گزشتہ نوبرسوں میں ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں موبائل فون بنانے والا دوسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے اور ملک میں براڈ بینڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 13 گنا اور انٹرنیٹ کنیکشن میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کی بنسبت دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
ہندوستانی شہریوں کی امنگوں کو پورا کرنے میں توانائی کے اہم کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے لوگ بہتر مصنوعات، بہتر خدمات اور بہتر بنیادی ڈھانچہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انڈیا انرجی ویک جی 20 کیلنڈر میں توانائی کا پہلا اہم ایونٹ ہے اور اس موقع پر سبھی کا خیرمقدم کیا۔
21 ویں صدی کی دنیا کے مستقبل کے راستے کا تعین کرنے میں توانائی کے شعبے کے کلیدی کردار کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "ہندوستان توانائی کی تبدیلی اور توانائی کے نئے ذرائع کی ترقی کے لیے دنیا کی سب سے مضبوط آوازوں میں سے ایک ہے۔ ہندوستان میں بے مثال امکانات ابھر رہے ہیں جو ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے یہاں انڈیا انرجی ویک-2023 کا افتتاح کیا۔ انہوں نے انڈین آئل کے ‘ان بوٹلڈ’ پہل کے تحت یونیفارم کا آغاز کیا اور انڈور سولر کوکنگ سسٹم کے ٹوِن کوک ٹاپ ماڈل کو بھی وقف کیا اور اس کے کمرشل رول آؤٹ کو ہری جھنڈی دکھائی۔