مانیٹرنگ//
ڈوڈہ۔ 11؍ مارچ:مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارتھ سائنسز ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہاں ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں این ایچ آئی ڈی سی ایل، این ایچ پی سی اور جی آر ای ایف کے زیر عمل میگا پروجیکٹس پر ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ شروع میں، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ، ویشیش مہاجن نے معززین کا خیرمقدم کیا اور ضلع ڈوڈہ اور ضلع کشتواڑ میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو بنانے اور بڑھانے میں بی آر اور این ایچ آئی ڈی سی کی طرف سے ریکارڈ کی گئی کامیابیوں اور پیش رفت کے بارے میں ایک پریزنٹیشن متعلقہ لوگوں نے پیش کیا۔ این ایچ پی سی کے حکام نے بھی وزیر کو تفصیلی اور پروجیکٹ وار معلومات فراہم کیں۔ بتایا گیا کہ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ (ایچ ای پی) کیرو 2024 تک کام کرنے کے لیے تیار ہو جائے گا، جبکہ ایچ ای پی کوار اور ایچ ای پی پاکل دال بالترتیب 2026 اور 2027 تک تیار ہو جائیں گے۔این ایچ آئی ڈی سی ایل کے تحت، سدھمہادیو درنگا ٹنل، گوہا-کھلینی روڈ، کھلینی-کھنبل روڈ، کھلینی ٹنل، سنگ پورہ-وائیلو ٹنل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ کام جاری ہے اور تمام پروجیکٹ مقررہ وقت میں شروع ہوں گے۔ڈاکٹر سنگھ نے مقامی بیروزگار نوجوانوں کے لیے میگا پروجیکٹوں میں روزگار مختص کرنے کے تعلق سے مقامی نمائندوں کے مطالبے پر توجہ دیتے ہوئے ڈی سی کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری پروجیکٹوں میں این ایچ پی سی اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کے تحت ملازمت میں ان کا حصہ ملے۔وزیر موصوف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ مرکزی اسپانسر شدہ تمام اسکیموں کے فائدے مستحق افراد اور قطار میں کھڑے آخری فرد تک پہنچائے جائیں۔ڈاکٹر سنگھ نے انتظامیہ سمیت عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی کوششوں کو دوگنا کریں، جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے باوقار ترقیاتی پروجیکٹوں کو لانے میں عوام اور حکومت کی توقعات تک پہنچنے کے لیے ہم آہنگی سے کام کریں۔