مانیٹرنگ///
سری نگر:۱۱،مارچ:ناظم زراعت کشمیرچودھری محمداقبال نے ہفتہ کوکہاکہ موسم سرماکے دوران کم بارشیں ہونے کے پیش نظر کسانوں کیلئے عنقریب فصل اُگانے کاپلان جاری کیاجائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرمیں رواں سال جنوری اورفروری کے مہینوں میں معمول سے22فیصد کم بارشیں ہونے کے پیش نظر محکمہ زراعت بھی متحرک ہوگیاہے ۔ ناظم زراعت کشمیرچودھری محمداقبال نے میڈیا نمائندوں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کیلئے عنقریب فصل اُگانے کاپلان جاری کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ کم بارش ہونے کی بات درست ہے لیکن کسانوںکوگبھرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ،کیونکہ محکمہ زراعت نے ماہرین کیساتھ تبادلہ خیال کے بعد فصل اُگانے کاپلان مرتب کرلیاہے ،جس کابہت جلد اعلان کیاجائے گا۔ڈائریکٹر چودھری محمداقبال کاکہناتھاکہ کسان بھائیوںکوگھبرانے یاپریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ،میںنے اس معاملے پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی کشمیر سے بات کی ہے ،اور محکمہ زراعت کشمیرکی جانب سے اگلے کچھ دنوں میں کسانوں کیلئے فصل اُگانے کاپلان جاری کیاجائے گا۔انہوںنے مزید کہاکہ کھیت کھلیانوںکوسیراب کرنے یعنی پانی فراہم کرنے کیلئے آبپاشی شیڈول جاری کیاگیا ہے ،جسکے تحت یم اپریل2023سے ہم دیکھیں گے کہ کس آبپاشی نہر سے کب ،کتنا اور کہاں کس کوپانی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت کشمیر چودھری محمداقبال نے اسبات کی یقین دہانی کرائی کہ آبپاشی کے معاملے میں ہم کسی بھی جگہ کسانوںکوکوئی نقصان ہونے نہیں دیں گے ۔انہوںنے مزید کہاکہ کسانوں کوچاہئے کہ وہ محکمہ زراعت کی جانب سے فصل اُگانے یابونے سے متعلق جاری کئے جانے والے پلان پرعمل کریں ،تاکہ اُنھیں کوئی نقصان نہ اُٹھانا پڑے ۔اس دوران محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ محکمہ ھٰذا نے محکمہ آبپاشی کیساتھ تال میل رکھاہے ،تاکہ کھیت کھلیانوںکوآبپاشی نہروں اور واٹر پمپوں سے وقت پر سیرابی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔انہوں نے بتایاکہ نہروںکی صفائی کاکام شروع کردیاگیا ہے جبکہ پمپ اسٹیشنوں کو بھی چالو حالت میں رکھاجارہاہے ۔