مانیٹرنگ//
ڈوڈہ 21 مارچ: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے وادی چناب کا وسیع دورہ کیا اور آج ضلع ڈوڈہ پہنچیں۔ اپنے دورے کے دوران چیئرپرسن نے پرانی عیدگاہ ڈوڈہ میں سرائے کم مسافر خانہ کا سنگ بنیاد رکھا۔یہاں یہ بتانا مناسب ہوگا کہ ڈوڈہ وقف کے پاس اسی جگہ 42 کنال اراضی ہے جسے مستقبل قریب میں تیار کیا جائے گا اور وہاں میگا پروجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔ڈاکٹر اندرابی نے ندیم میموریل نرسنگ ہوم بھارت روڈ ڈوڈہ کے قریب وقف پارکنگ کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے آستان محلہ ڈوڈہ میں شاہ محمد فرید الدین کی زیارت بھی کی جہاں وقف بورڈ یونٹ ڈوڈہ کی جانب سے پہلی بار ڈونیشن پوائنٹ لگایا گیا تھا۔ چیئرپرسن نے ضلع انتظامیہ اور وقف یونٹ ڈوڈہ کی کوششوں کی تعریف کی اور پوری ٹیم کو تعلیم کے معاملے میں اعلیٰ اہداف کے حصول کے لیے مزید جوش و جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ چیئرپرسن نے جی ایم سی ڈوڈہ کے سامنے دوسری وقف پارکنگ کا بھی افتتاح کیا اور وہاں کے مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے چیئرپرسن سے ملاقات کی اور مختلف مطالبات اٹھائے۔ ڈاکٹر اندرابی نے وفود کی تحمل سے سماعت کی اور یقین دلایا کہ وقف بورڈ کے ذریعہ تمام حقیقی مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ چیئرپرسن کے ہمراہ سی ای او وقف ڈاکٹر سید ماجد جہانگیر، ایڈمنسٹریٹر وقف ڈوڈا ذاکر حسین وانی کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ بھی موجود تھے۔