سری نگر، 13 جولائی : نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نئی دلی نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ دھوکہ اور دغا کی اور اپنے تحریری اور زبانی وعدوں سے انحراف کیا۔انہوں نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز پر 13 جولائی کے ‘شہدائے کشمیرکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘آنجہانی جواہر لال نہرو کے رائے شماری سے لے کر نرسمہا راؤ کے ‘آسمان حد ہے اور اٹل بہاری واجپائی کے انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت کے وعدے سراب ثابت ہوئے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں نے آل پارٹیز اجلاس میں وزیر اعظم ہند کو روبرو ہو کر کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو نئی دلی پر کوئی اعتماد اور بھروسہ نہیں ہے۔فاروق عبداللہ نے بقول ان کے جموں و کشمیر پر بیرونی افسر شاہی مسلط کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ایسے افسر لائے گئے ہیں جو یہاں کی زمینی صورتحال، جغرافیائی حالات اور لوگوں کے مزاج سے بالکل ناواقف ہیں۔انہوں نے کہا: ‘افسوس کی بات ہے کہ غیر قانونی طور پر بغیر تحقیقات یہاں کے ملازمین کو برخسات کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اس طرز عمل کو فوری طور پر بند کرنے اور برطرف کئے گئے ملازمین کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔فاروق عبداللہ نے تقریب پر اعلان کیا کی نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی سیاسی دانشگاہ مجاہد منزل کی تعمیر نو کا کام جلد ہی شروع کرنے جا رہی ہے اور اس کی تعمیر نو کے سلسلے میں ہم سب کو پیش پیش رہنا چاہئے۔(یو این آئی)