سری نگر، 14 جولائی:شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے نادی ہال علاقے میں بدھ کے روز ایک فوجی گاڑی نے ایک خاتون کو کچل کر ابدی نیند سلا دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے ندی ہال علاقے میں بدھ کی دو پہر کو ایک خاتون سڑک پار کر رہی تھی کہ ایک تیز رفتار فوجی گاڑی نے اس کو ٹکر مار دی۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جس کی شناخت ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔متعلقہ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ہے۔ادھر ضلع پونچھ کے خانہ تار علاقے میں بدھ کے روز ہی ایک سڑک حادثے میں کم سے کم 16 مسافر زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قصبہ پونچھ سے قریب ایک کلو میٹر دور خانہ تار علاقے میں بدھ کے روز ایک مسافر بردار گاڑی اور ایک ٹرک درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت کم سے کم 16 مسافر زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا جن میں سے زخمی ڈرائیور کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا۔ (یو این آئی)