جموں، 15 جولائی: جموں کے ہائی سکیورٹی زون میں واقع ایئر فورس سٹیشن کے نزدیک ایک بار پھر ڈرون کو فضا میں گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔حال ہی میں مبینہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے ایئر فورس سٹیشن کے نزدیک پھر سے ڈرون کی نقل و حرکت کے پیش نظر علاقے میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا: ‘متعلقین نے پولیس کو اطلاع دی کہ ستواری اور میران صاحب کے درمیان والے علاقے، جہاں سے ایئر فورس سٹیشن کچھ ہی دوری پر واقع ہے، میں ایک بار پھر ڈرون کو فضا میں گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا: ‘سکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پر ڈرون کو مار گرانے کے لئے گولیاں چلائیں لیکن ڈرون کو گولی نہیں لگی اور وہ واپس چلا گیا۔قبل ازیں بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اہلکاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو ضلع جموں کے ارنیہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر فضا میں گردش کر رہے ایک مشتبہ ڈرون پر گولیاں برسائیں۔ (یو این آئی)