کشمیر انفو//
سری نگر/25؍مئی///حکومت جموںوکشمیرنے ایک آن لائن سکل ڈیولپمنٹ پروگرام میں ایک اہم سنگ میل کو حاصل کرتے ہوئے’’دکش کسان‘‘ کے تحت جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اضلاع میں کسانوں کی رجسٹریشن ریکارڈ کی ہے۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا ہائبرڈ ڈیولپمنٹ پروگرام ہے جوبالخصوص کسان برادری کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ایک سرکاری ترجمان نے جاری کسان سمپرک ابھیان مہم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا،’’دکش کسان پورٹل پر اَب تک 12,000 سے زیادہ کسانوں نے خود کو رجسٹر کیا ہے اور تقریباً 3000 کسانوں نے اپنی پسند کے سکل کورس میں داخلہ لیا ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں کی کافی تعداد پہلے ہی آن لائن ڈیولپمنٹ کورس کی تکمیل کے درجے کو آگے بڑھا چکی ہے۔‘‘ ’دکش کسان‘ کسانوں کی سکل ڈیولپمنٹ کے لئے ایک لرننگ مینجمنٹ سسٹم ( ایل ایم ایس ) ہے۔ ملک میں اَپنی نوعیت کا پہلا ’’ دکش کسان‘‘ محکمہ زراعت کی طرف سے تیار کیا گیا ہے جہاں جموںوکشمیر یوٹی کے زرعی آب و ہوا والے علاقوں کے مطابق 121 سکل کورس کسانوں کے لئے مفت دستیا ب ہیں۔ کسان سمپرک ابھیان میں کسانوں کو فراہم کردہ پمفلٹ کے پیچھے کیو آر کوڈ کا ایک سادہ سکین کسان کو دَکش کسان پورٹل پر لے جاتا ہے جہاں وہ مفت میں رجسٹر ہوسکتا ہے او راَپنی پسند کا کوئی بھی سکل کورس کرسکتا ہے۔ اِس نایاب کامیابی کا سہرا ’ کسان سمپرک ابھیان ‘ کو دیتے ہوئے سرکاری ترجمان نے کہا کہ24 ؍اپریل 2023 ء کو شروع کی گئی پہل نے تقریباً 1367 پنچایتوں کی کوریج سے اس ہفتے تک پانچ رائونڈ مکمل کئے ہیں۔ اورینٹیشن پروگراموں کے پانچ دوروں میں’کسان سمپرک ابھیان‘ کے تحت تقریباً 1.5 لاکھ کسانوں نے اورینٹیشن پروگرام میں شرکت کی ہے۔کسانوں کی سمت بندی کی یہ بڑی مشق جموںوکشمیر یوٹی میں محکمہ زراعت کی طرف سے شروع کی جارہی ہے جس کے تحت اَگلے 4ماہ میں ’کسان سمپرک ابھیان ‘ کے تحت یوٹی کی ہر پنچایت میں ہرکسان تک پہنچنے کے اہداف کا تصور کیا گیا ہے۔ حال ہی میں شروع کئے گئے ’’ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی )‘‘ کے تحت کسانوں تک رَسائی کی مشق کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اورنٹیشن پروگرام جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں ایک ساتھ منعقد کیا جارہا ہے ۔ پرگرام کو ہرہفتے کے پہلے تین دِن منعقد کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ حکومت کی طرف سے ایک مکمل ضلع مخصوص کیلنڈر جاری کیا گیا ہے ۔اورنٹیشن پروگرام کے لئے ریسورس پرسنز زراعت ، بھیڑ و پشو پالن ، باغبانی ، سیری کلچر اور ماہی پروری محکموں کے اَفسران اور ملازمین ہیں جنہیں جنوری ،فروری ،مارچ اور اپریل مہینوںمیں تمام اَضلاع میں منعقد کئے گئے 641 تربیتی سیشنوں میں پہلے سے تربیت دی گئی تھی ۔ مختصر فلموں کا اِستعمال کرتے ہوئے مختلف سکیموں اور پروگراموں کو بیان کرنے کا ایک جدید ٹول پیش کیا گیا ہے ۔جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) کے تحت سکیموں کے کل 49 ویڈیوز اور مرکزی معاونت والی دیگر سکیموں کو جموںوکشمیر کے تمام مقامات پر کسانوں کو دِکھایا جارہے ہیں۔لرننگ مینجمنٹ سسٹم ( ایل ایم ایس ) کے تحت ویڈیو لیکچر کشمیری ، اُردو ، ڈوگری اور ہندی میں دستیاب ہیںاور متنی مواد ہندی ، اُردو اور انگریزی میں دستیاب ہے۔اِس کے علاوہ کاروباری ترقی اور مالیاتی اِنتظام پر خصوصی ماڈیو لز بھی شامل کئے گئے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کسان صرف تربیت یافتہ ہی نہیں بلکہ ایک ہنرمند کا روباری بن سکتے ہیں۔آن لائن کورسز کی تکمیل کے بعد کسانوں کو 5سے 7دِنوں کے لئے ان کے متعلقہ اَضلاع کے کرشی وگیان کیندروں کو ان کے منتخب کردہ ہنری مندی کے کورس میں عملی تربیت کے لئے بھیجا جائے گا ۔ سکل کورس کی مکمل کرنے کے بعد کسانوں کو سکاسٹ کشمیر اور سکاسٹ جموں کی طرف سے سرٹیفکیٹ فراہم کئے جائیں گے ۔مزید برآں، کسانوں کے شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لئے ویڈیوز کے ہر سکریننگ سیشن کے بعد سوال جواب کا سیشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کو ہندی، اردو اور انگریزی تینوں زبانوں میں تمام سکیموں کے پمفلٹ ایک کتابچے کی شکل میں بھی فراہم کئے جا رہے ہیںجس میں زرعی پیداوار محکمہ کے تحت تمام محکموں کے رابطہ کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔ ’’ کسان ساتھی‘‘ زرعی پیداوار محکمہ سے تیار کردہ سکیموں کے آئی ٹی ڈیش بورڈ کا اِستعمال کرتے ہوئے کسانوں کو ان سکیموں کے تحت درخواست دینے کے طریقہ سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے ۔ کسان سمپرک ابھیان کے دوران کسانوں کا ایک بنیادی سروے اور مہارت کے فرق کا مطالعہ بھی ایک ساتھ کیا جا رہا ہے۔ جموںوکشمیر یوٹی میں زراعت اور کسانوں کی حالت کا مجموعی جائزہ لینے کے لئے آئی ٹی ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے آج تک تقریباً 1.4 لاکھ کسانوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔